امریکا میں 2 سالہ بچے نے گھر والوں کو زندہ جل جانے سے بچالیا

گھر میں سب بے خبر سو رہے تھے اور خوفناک آگ نے چاروں طرف سے گھیر لیا تھا


ویب ڈیسک January 31, 2022
گھر میں والدین سمیت 7 افراد موجود تھے، فوٹو: محکمہ فائر بریگیڈ

کراچی: امریکا میں 2 سال کے بچے برینڈن نے والدین اور بہن بھائیوں کو خوفناک آگ میں زندہ جل جانے سے بچالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ٹیکساس کا ایک مکان خوفناک آتشزدگی میں مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگیا تاہم دو سالہ بچے کی بروقت مداخلت نے والدین اور بہن بھائیوں کو بچالیا۔

آتشزدگی میں گھر کا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے اہل خانہ محفوظ رہے۔ والدین کے کپڑے عقب سے جل گئے اور کچھ بچوں کو خراشیں آئیں۔ اہل خانہ نے زندہ بچ جانے پر پارٹی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ بیڈ روم میں سب بے خبر سو رہے تھے اور آگ پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔ ہم لوگ حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں لیکن سونگھنے اور چکھنے کی حس کام نہیں کر رہی ہے۔

والدہ کا مزید کہنا تھا کہ آگ بڑھتی گئی اور ہمیں احساس تک نہ ہوا، اسی دوران دو سالہ برینڈن کمرے میں آیا اور میرا پاؤں ہلا کر زور زور سے کہنے لگا کہ ہاٹ ۔۔ ہاٹ ۔۔۔ جس پر میں نے کمرے کے باہر بلند شعلے دیکھے اور دوڑ لگا دی۔

یوں ایک ننھے بچے نے 7 افراد کی جانوں کو بچالیا۔ سوشل میڈیا پر 2 سالہ برینڈن کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔