جولائی تا جنوری مقررہ ہدف سے 262ارب روپے زائد ٹیکس وصول

ایف بی آر نے گذشتہ سال سے30.4 فیصد زائد 3352 ارب روپے مالیت کا ریونیو حاصل کیا

درآمدی سطح پرسیلز ٹیکس کلیکشن 69 فیصد بڑھی، ملکی سطح پر 10 فیصد گرگئی ۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال کے ابتدائی 7ماہ جولائی 2021 سے جنوری 2022 کے دوران محصولات کی مد میں مقررہ ہدف سے 262ارب روپے زائد مالیت کی وصولیاں کیں۔

ذرائع کے مطابق زیر تبصرہ مدت کے دوران ایف بی آر نے 3352 ارب روپے مالیت کا ریونیو حاصل کیا۔ اس طرح سے رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران ریونیو کی مد میں 30.4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گذشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 2571 روپے کی وصولیاں ہوئی تھیں۔


اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2022 کے دوران 17.2فیصد اضافے سے 430ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں جبکہ جنوری 2021 میں 367 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی2021 سے جنوری 2022 کے دوران ایف بی آر نے 35.9فیصد زائد مالیت کے ٹیکس ریفنڈ کیے اور زیرتبصرہ مدت کے دوران 182 ارب روپے کے ریفنڈ کیے جبکہ گذشتہ سال کی اسی مدت میں 134 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ کیے گئے تھے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 7ماہ میں امپورٹ اسٹیج پر سیلز ٹیکس کلیکشن میں 69 فیصد اضافہ ہوا مگر ڈومیسٹک سیلز ٹیکس کلیکشن 10 فیصد گرگئی۔ دوسری جانب تقریباً تما اشیائے صرف پر 17فیصد سیلزٹیکس نافذ ہونے کے باوجود ایف بی آر نے اپنے ماہانہ اہداف نہیں بڑھائے۔
Load Next Story