ممفس ٹینس کائی نیشکوری نے فائنل میں قدم رکھ دیا

ٹائٹل کیلیے ایواکارلووک سے مقابلہ ہوگا، بیونس آئرس میں ڈیوڈ فیرر کی جیت


AFP February 17, 2014
ٹائٹل کیلیے ایواکارلووک سے مقابلہ ہوگا، بیونس آئرس میں ڈیوڈ فیرر کی جیت۔ فوٹو: فائل

یوایس ان ڈور چیمپئن شپ ٹینس میں دفاعی چیمپئن کائی نیشکوری فائنل میں پہنچ گئے، انھوں نے امریکا کے مائیکل رسل کو پچھاڑا، ٹائٹل کیلیے ان کا مقابلہ ایوا کارلووک سے ہوگا۔

ادھر بیونس آئرس میں فابیو فوگنینی کا فائنل میں مقابلہ ڈیوڈ فیرر سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ممفس میں جاری 6 لاکھ 47 ہزار ڈالر مالیت کی یو ایس ان ڈور چیمپئن شپ کا فائنل دفاعی چیمپئن جاپان کے کائی نیشکوری اور کروشیا کے آئیو کارلووک کے درمیان ہوگا، دونوں نے ہی آسان فتوحات کی بدولت ٹرافی میچ میں جگہ بنائی، کسی بھی اے ٹی پی ایونٹ میںپہلی بار ٹاپ سیڈ کا درجہ پانے والے کائی نیشکوری نے امریکا کے مائیکل رسل کو 6-3 اور 6-2 سے ٹھکانے لگایا جبکہ کارلووک نے تائیوان کے 4 سیڈ لیو یین ہوسن کے ریٹائرڈ ہونے پر فیصلہ کن مرحلے میں رسائی پائی، یین ہوسن نے پہلے سیٹ میں 6-1 سے زیر ہونے کے بعد مقابلے سے دستبردار ہونے میں ہی عافیت جانی۔ نیشکوری اس وقت عالمی درجہ بندی میں 16 ویں نمبر پر ہیں وہ اپنے کیریئر کے چوتھے اے ٹی پی ٹائٹل کی راہ دیکھ رہے ہیں جبکہ 80 ویں نمبر پر موجود کارلووک کے کیریئر کا کامیابی کی صورت میں یہ چھٹا ٹائٹل ہوگا۔

رواں ہفتے کارلووک کی ایک بھی سروس بریک نہیں ہوئی، وہ اس سے قبل دو مرتبہ نیشکوری کا سامنا کرچکے اور دونوں ہی بار فتح ان کا مقدر ٹھہری تھی، پہلی بار انھوں نے نیشکوری کو 2012 میں ڈیوس کپ ٹائی میں پچھارا تھا اور پھر گذشتہ برس ڈیلرے بیچ میں نیشکوری کے پہلے سیٹ میں 4-5 سے خسارے کے بعد ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے فتح پائی تھی۔ نیشکوری اس سے قبل ممفس کے علاوہ ٹوکیو میں 2012 اور ڈیلرے بیچ میں 2008 میں اے ٹی پی ٹائٹل جیت چکے ہیں جبکہ کارلووک کا اے ٹی پی ٹائٹلز کا پانچ سالہ قحط گذشتہ برس بگوٹا میں ختم ہوا تھا وہ ناٹنگھم میں 2007 اور 2008 جبکہ اسٹاک ہوم اور ہوسٹن میں 2007 میں ٹائٹل فتوحات حاصل کرچکے ہیں۔ ادھر بیونس آئرس میں جاری ایک اور اے ٹی پی ایونٹ کے سیمی فائنل میں اسپین کے نمبر ون سیڈ ڈیوڈ فیرر نے اپنے ہی ہموطن 4 سیڈ نکولس الماگرو کو 6-4 اور 6-2 سے مات دی، ان کا مقابلہ اب اٹلی کے سیکنڈ سیڈ فابیو فوفنینی سے ہوگا جنھوں نے اسپین کے تھرڈ سیڈ ٹومی روبریڈو کو پہلے سیٹ میں 3-6 سے خسارے میں جانے کے باوجود فائٹ بیک کرتے ہوئے 7-5 اور 6-3 سے مات دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں