الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا کے وزیر کو 5 سال کیلیے نااہل قرار دیدیا

صوبائی وزیر اور ان کے بیٹے اگلے 5 سال تک الیکشن نہیں لڑ سکیں گے


ویب ڈیسک February 01, 2022
صوبائی وزیر اور ان کے بیٹے اگلے 5 سال تک الیکشن نہیں لڑ سکیں گے ۔ فوٹو : فائل

DUBAI: الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا کے وزیر شاہ محمد اور ان کے بیٹے کو پولنگ اسٹیشن پر حملے کے جرم میں 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختون خوا بلدیاتی انتخابات ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کیس میں الیکشن کمیشن نے اہم فیصلہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد اور ان کے بیٹے کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا، آرٹیکل 218 الیکشن ایکٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں یہ فیصلہ جاری کیا گیا۔

صوبائی وزیر اور ان کے بیٹے اگلے 5 سال تک الیکشن نہیں لڑسکیں گے، دونوں افراد بکاخیل پولنگ اسٹیشن پر حملے میں ملوث تھے، الیکشن کمیشن نے ان دونوں کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نےشاہ محمد کے بیٹے مامون الرشید کے خلاف فوج داری مقدمہ درج کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کاروائی تک مامون الرشید الیکشن نہیں لڑسکتے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر شاہ محمد خان اور ان کے بیٹے سمیت گلباز خان، محبت خان اور قدرت اللہ کے خلاف بھی کیسز دائر کیے جائیں، اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر محبت خان، حمید اللہ اور قدرت اللہ کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے پولیس کو مقدمات درج کرکے تمام افراد کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور کہا کہ پولیس اس کیس کی تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرے، ثابت ہوا ہے کہ صوبائی وزیر شاہ محمد خان پولنگ اسٹیشن پر حملے، پولنگ اسٹاف کے اغوا اور انتخابی مواد چھیننے کے مرتکب قرار پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔