صحت کارڈ اجرا تقریب اور خان صاحب کی ’’شوبازیاں‘‘

صحت کارڈ کی تقریب اجرا ہی نہیں بلکہ ماضی میں بھی یہ ’’شوبازیاں‘‘ دکھائی جاتی رہی ہیں

’’شوبازیاں‘‘ ختم کرکے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔ (فوٹو: فائل)

ابھی سامنے ٹی وی پر صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب کی کوریج دکھائی جارہی ہے۔ ہمارے وزیراعظم قوم سے وہی ہزار بار کا دہرایا ہوا خطاب فرما رہے ہیں۔ اور اس سے قبل لوگوں کے نام پکار کر جہازی سائز کے علامتی صحت کارڈ بھی تقسیم کئے گئے تاکہ اچھی طرح ''نمائش'' ہوسکے۔ سچ کہوں تو یہ مناظر دیکھ کر ذہن میں ایک ہی لفظ ابھرا ''شوبازی''۔

جی ہاں یہ وہی لفظ یا خطاب ہے جسے ہمارے ''کھلاڑی'' وزیراعظم اور ان کے چاہنے والے شہباز شریف کو ان کے اسی طرح کے ''فلاحی'' کارناموں کی تقریبات کے بعد دیا کرتے تھے۔ وزیراعظم اور تحریک انصاف کے ووٹرز شہباز شریف کو شوباز شریف اس لیے کہتے ہیں کہ انھیں لگتا ہے وہ جو بھی کرتے ہیں، اس کا مطلب صرف ''شو'' کرنا ہوتا ہے۔ دلوں کا حال تو اللہ ہی جانتا ہے۔ نہ ہم شہباز شریف کے دل میں جھانک سکتے ہیں نہ ہی عمران خان کے۔ لیکن جو کچھ چل رہا ہے، اور جو اس حکومت کا وتیرہ ہے ہمیں تو اس سب میں بھی ''شوبازیاں'' ہی نظر آرہی ہیں۔

لیکن اس میں عجب بھی کیا ہے؟ عمران خان اور ان کی حکومت میں شامل وزرا اب تک وہی تو کرتے آرہے ہیں جن پر ماضی میں وہ لوگ خود تنقید کرتے رہے یا گزشتہ حکومتوں کر برا بھلا کہتے رہے۔ اور اب اقتدار حاصل کرنے کے بعد چار سال میں پاکستان کے عوام اچھی طرح یہ جان چکے ہیں کہ وہی ''دور کے ڈھول سہانے'' تھے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کے وزرا بھی پرانی ڈگر پر ہی چل رہے ہیں۔ جن باتوں، جن اعمال پر دوسروں کو برا بھلا کہا جاتا تھا، جن پالیسیوں پر تنقید کی جاتی تھی، گزشتہ حکومتوں کے جن اطوار کو مذاق کا نشانہ بنا کر حکومت میں آنے کے بعد ویسا کچھ بھی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جاتی تھی، اب تک کے دورِ اقتدار میں تو وہی سب کچھ ہوتا آیا ہے اور وہی ہورہا ہے۔ اور وزیراعظم کے اسی طرح اپنے بیانات سے پھرنے پر انھیں ناقدین کی جانب سے ''یوٹرن'' لینے کا بھی طعنہ دیا گیا۔


صحت کارڈ کی تقریب اجرا پر ہی کیا موقوف، ماضی میں بھی یہ ''شوبازیاں'' دکھائی جاتی رہی ہیں جن پر سوشل میڈیا پر خوب خوب لے دے ہوئی، لیکن حکومت تک شاید وہ آوازیں پہنچی ہی نہیں یا اگر پہنچی بھی ہوں گی تو ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکال دینے والا طرز عمل اختیار کرنا کون سا حکومت کے لیے بڑی بات ہے۔ یہ بھی تو وہ اب تک کرتے ہی آئے ہیں۔ صحت کارڈ سے قبل اسی طرح پہلے سے اعلان شدہ اور زیرتکمیل منصوبوں کا دوبارہ اعلان کرنا، افتتاحی تقاریب کرنا، سرائے ہوں یا لنگر خانے، خوب خوب تشہیر کرکے ''شو'' کرنا۔

ابھی اقتدار میں آنے سے قبل ہی کی تو بات ہے کہ گزشتہ حکومت کی جانب سے اپنے منصوبوں کے اشتہارات اور بینرز پر یہ کہہ کر تنقید کی جاتی تھی کہ یہ عوام کا پیسہ ہے جسے اپنی تشہیر کے لیے استعمال کیا جارہا ہے تو پھر اب یہ سب کیا ہے؟ کیا اس طرح کی تقریبات منعقد کرکے یا بے دریغ اشتہاری مہم چلا کر آپ عوام کا پیسہ ضایع نہیں کررہے؟ کیا یہ پیسہ ذاتی جیب سے خرچ ہورہا ہے؟ جن الزامات پر آپ دوسروں کو چور، کرپٹ کہتے آئے ہیں، وہی اعمال آپ کو صادق و امین کیسے قرار دیں گے؟ یا پھر اگر وہی سب کچھ کرنا تھا جو گزشتہ حکومتوں میں ہوتا آیا ہے تو ان اعمال پر تنقید کیوں کرتے آئے ہیں؟

وزیراعظم سے گزارش ہے کہ ''شوبازیاں'' ختم کرکے عوام کے حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔ ہزار بار کی دہرائی ہوئی تقاریر ہمیں ازبر ہوچکی ہیں، اب کوئی نئی بات کیجئے۔ عوام کا دل صرف باتوں سے نہیں بہلائیے بلکہ حقیقی ریلیف فراہم کیجئے۔ مہنگائی اور معیشت کے زوال کو کورونا کو قرار نہیں دیجئے بلکہ ان پالیسیوں اور سوچ کو ترک کیجئے جس کی وجہ سے آج عوام کو یہ برے دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
Load Next Story