کووِڈ 19 اور زکام کی ’مشترکہ ایم آر این اے ویکسین‘ 2023 تک تیار ہوجائے گی

یہ ویکسین بوسٹر ڈوز کی طرح سال میں صرف ایک بار کمزور امیون سسٹم والے افراد کو لگائی جائے گی


ویب ڈیسک February 01, 2022
کووِڈ 19 اور زکام کی یہ مشترکہ ویکسین بوسٹر ڈوز کی طرح سال میں صرف ایک بار لگائی جائے گی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکی ادویہ ساز 'موڈرنا' کے تحت کووِڈ 19 اور زکام کی مشترکہ ویکسین پر کام جاری ہے جو 2023 کے اختتام یا 2024 کے آغاز تک فروخت کےلیے پیش کردی جائے گی۔

موڈرنا کی تیار کردہ کووِڈ 19 ویکسین کی طرح یہ بھی ایم آر این اے ویکسین ہوگی۔ البتہ سال بھر میں اس کی صرف ایک خوراک ہی کافی رہے گی۔

واضح رہے کہ اومیکرون ویریئنٹ کے باعث ماہرین کو توقع ہے کہ کووِڈ 19 کی عالمی وبا بہت جلد نزلہ زکام کی طرح مقامی اور موسمی بیماری میں تبدیل ہوجائے گی جو سال میں ایک سے دو مرتبہ ہی شدت اختیار کرے گی۔

لہذا، جس طرح موسمی نزلے اور زکام سے بچاؤ کےلیے سالانہ فلو ویکسین دی جاتی ہے، اسی طرز پر مستقبل میں بھی زکام اور کووِڈ 19 سے بچاؤ کی مشترکہ ویکسین دی جاسکے گی۔

موڈرنا کے سربراہ اسٹیفان بینسل نے پچھلے سال بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی کمپنی بہت جلد زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین بنانے کےلیے کام شروع کردے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین صرف ایک خوراک پر مشتمل ہوگی جو بوسٹر ڈوز کی طرح سال میں ایک بار صرف ان ہی لوگوں کو دی جائے گی جو کمزور ہیں اور جنہیں ہر سال ایک خاص موسم میں نزلہ زکام وغیرہ میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

حالیہ ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں اسٹیفان بینسل نے بتایا کہ مذکورہ ویکسین پر تیزی سے کام جاری ہے اور 2023 کے اختتام تک یا پھر زیادہ سے زیادہ 2024 کے ابتدائی مہینوں تک پیش کردی جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موڈرنا وہ پہلی فارماسیوٹیکل کمپنی ہوگی جو زکام اور کووِڈ 19 کی مشترکہ ویکسین پیش کرے گی، جس کےلیے وہ جدید ترین 'ایم آر این اے' ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |