ملکہ برطانیہ کا تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن سُاس مارکیٹ میں دستیاب

ملکہ برطانیہ کے تیار کردہ ٹماٹر کیچپ اور سُاس کی قیمت مارکیٹ میں دستایب برانڈز سے چار گنا زیادہ ہے

ملکہ برطانیہ کے بنائے ہوئے برانڈز کی قیمت کئی گنا زیادہ ہے، فوٹو: فائل

95 سالہ ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم نے اپنی مخصوص ریسیپی سے تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن ساس مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنی صحت اور غذا کا نہایت خیال رکھنے والی 95 سالہ ملکہ برطانیہ نے مارکیٹ میں اپنا تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور براؤن ساس متعارف کرادیا ہے تاہم اس کی قیمت مارکیٹ میں پہلے سے دستیاب برانڈز سے کہیں زیادہ ہے۔

کیچپ اور براؤن سُاس کی بوتل پر لکھا ہے کہ ایک شاندار گھرانے کا پسندیدہ ٹماٹر سے بھرا ہوا اور ہلکا مسالے دار یہ کیچپ لذت بخش ہے جب کہ براؤن سُاس کو کھجور، سیب کے رس اور مسالوں سے ذائقہ دار بنایا گیا ہے۔


ملکہ برطانیہ کی مخصوص ریسیپی سے تیار کردہ ٹماٹو کیچپ اور سُاس نورفولک کے شاہی محل سینڈرنگھم میں فروخت کے لیے دستیاب ہے۔ یہ وہ محل ہے جہاں ملکہ کرسمس کی تعطیلات گزارنا پسند کرتی ہیں۔

ملکہ ایلزتھ دوم کی تیار کردہ 295 گرام کیچپ کی قیمت £6.99 ہے جب کہ سب سے مقبول برانڈ کی قیمت 460 گرام کے لیے صرف 60p ہے۔ قیمتوں میں کافی فرق کے باوجود شہری ملکہ برطانیہ بنائے گئے برانڈز کو خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کھانے کی میز یا کیچن میں کیچپ اور سُاس کی ایسی بوتل کی موجودگی ہی قابل فخر ہے جس پر شاہی خاندان کی مہر لگی ہو۔
Load Next Story