آرمی چیف سے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ اور کینیڈا کے ہائی کمشنرکی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون اور علاقائی رابطوں پر بھی تبادلہ خیال


ویب ڈیسک February 01, 2022
باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون اور علاقائی رابطوں پر بھی تبادلہ خیال - فوٹو:آئی این پی

LONDON: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ ویپا حاجیوف نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکمانستان کے نائب وزیر خارجہ ویپا حاجیوف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون اور علاقائی رابطوں کے منصوبوں بالخصوص تاپی پر بات چیت ہوئی۔

مہمان وزیر نے افغان صورتِ حال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔ مہمان وزیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔

بعد ازاں کینیڈا کے ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون، افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے کا خواہاں اور کینیڈا کے ساتھ طویل مدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔

آرمی چیف نے شمالی علاقہ جات میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کینیڈین ہائی کمشنر کی کوششوں کو سراہا. وینڈی گلمور نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وینڈی گلمور نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں