ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو وزیراعظم کی بھی کامیابی قرار دے دیا

ایم کیو ایم بکھر نہیں رہی بلکہ نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

عدالتی فیصلہ پورے پاکستان کی فتح ہے، اس کے اثرات تمام صوبوں اور علاقوں تک پہنچیں گے، (فائل فوٹو)

PESHAWAR:
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سپریم کورٹ کے بلدیاتی قانون کے خلاف فیصلے کو وزیراعظم عمران خان کی بھی کامیابی قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی خوشی میں ایم کیو ایم کارکنان کی عارضی مرکز بہادر آباد پر جمع ہوئے اور ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کر کے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام کی جنگ جیتی ہے، عدالتی فیصلہ پورے پاکستان کی فتح ہے جو طویل جدوجہد کے نتیجے میں سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہخواتین کارکنان پر ظلم کے خلاف جدوجہد کی کامیابی ہے، وہ آنسو گیس جو کل چلے تھے آج دشمنوں کے آنسو نکال رہے ہیں، آج کی کامیابی جشن کا نہیں دعائے شکر کا تقاضا کرتی ہے۔


مزید پڑھیں: سندھ حکومت بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے کہا تھا ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہورہی ایم کیوایم کی تجدید ہورہی ہے اس لیے پارٹی بکھر نہیں رہی بلکہ نکھر رہی ہے، آج تجدید کی ہے پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے۔

ایم کیو ایم کنونیئر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام اور وزیر اعظم صاحب آپ کی بھی کامیابی ہے، یہ وہ کامیابی ہے جو کل پنجاب کے دیہات گاؤں اور پختون کے قبائل تک پہنچے گی کیونکہ فیصلے کے بعد کوئی صوبہ اس سے محروم نہیں رہے گا۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کے عزم کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔
Load Next Story