خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کامیاب 40 نمائندوں کی تحریک انصاف میں شمولیت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہا


ویب ڈیسک February 01, 2022
پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے، محمود خان

DUBAI: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیاب ہونے والے 40 بلدیاتی نمائندوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ضلع بنوں سے نومنتخب ویلج کونسل ممبران کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورت حال اور مستقبل کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے بلدیاتی نمائندوں کو خوش آمدید کہا۔ محمود کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کی شمولیت حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے، بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بنوں میں پی ٹی آئی کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے بنوں میں عام انتخابات میں پی ٹی آئی اس سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، پہلی بار موجودہ حکومت نے تحصیل چئیرمین کے لیے بلاواسطہ انتخابات کا انعقاد کیا، جس کا سارا سہرا عمران خان کے سر جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت حقیقی معنوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے، بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔

محمود خان نے ہدایت کی کہ نومنتخب بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے مؤثر کردار ادا کریں، صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔