جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

صدرمملکت عارف علوی نے چیف جسٹس عمرعطا بندیال سے حلف لیا


ویب ڈیسک February 02, 2022
صدرمملکت عارف علوی نے چیف جسٹس عمرعطا بندیال سے حلف لیا

کراچی: جسٹس عمرعطا بندیال نے پاکستان کے 28 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عمرعطا بندیال سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور سپریم کورٹ کے ججز کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان اور وکلاء سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کی کمپوزیشن تبدیل ہوگئی، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین بن گئے۔

جوڈیشل کمیشن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز لاحسن شامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن میں اٹارنی جنرل، وزیر قانون، جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی اور پاکستان بار کونسل کے نمائندے ایڈووکیٹ اختر حسین بھی شامل ہیں۔

جسٹس عمرعطا بندیال کے کیریئر پر ایک نظر

جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور اپنی ابتدائی تعلیم پاکستان سے حاصل کی جب کہ امریکا میں کولمبیا یونیورسٹی سے معاشیات کی ڈگری حاصل کی اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لینے کے بعد بیرسٹر بن گئے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے 1983 میں لاہور ہائی کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ کام کا آغاز کیا اور 2004 کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کے عہدے پر فائز ہوئے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے 2007 میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا لیکن ملک میں عدلیہ اور آئینی حکمرانی کی بحالی کے لیے وکلاء اور سول سوسائٹی کی تحریک کے نتیجے میں انہیں لاہور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر بحال کر دیا گیا۔

بعد ازاں انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر 2 سال خدمات انجام دیں اور 2014 میں انہیں سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پرترقی دے دی گئی۔

جسٹس عمر عطابندیال 63 سال کی عمر میں 2 فروری 2022 سے 16 ستمبر 2023 تک ایک سال 6 ماہ اور 25 دن کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں