دعا منگی اغوا کیس مرکزی ملزم زوہیب کو فرار کرانے کے کیس میں مزید 2 اہلکار گرفتار

مرکزی ملزم کے فرار ہونے کے کیس کی تفتیشی اے وی سی سی پولیس کو منتقل کردی گئی


Staff Reporter February 02, 2022
مرکزی ملزم کے فرار ہونے کے کیس کی تفتیشی اے وی سی سی پولیس کو منتقل کردی گئی . فوٹو : فائل

ABBOTABAD: دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم کے فرار ہونے کے کیس میں کورٹ پولیس کے مزید 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرلیا گیا جس کے بعد گرفتارملزمان کی تعداد 5 ہو گئی۔

27 جنوری کو طارق روڈ سے دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کورٹ پولیس کے اہلکاروں کی مجرمانہ غفلت کے باعث فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، مرکزی ملزم کے فرار ہونے کے واقعے کا مقدمہ فروز آباد تھانے میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی تھی۔

تفتیشی پولیس نے کورٹ پولیس کے مزید 2 پولیس اہلکار کمپنی کمانڈر یونس اورروز نامچہ محررنایاب کو گرفتار کرلیا، گرفتار پولیس اہلکار پہلے سے گرفتارکورٹ پولیس کے اہلکاروں کو زوہیب قریشی کی عدالت میں پیشی کی ڈیوٹی لگاتے تھے اورروزنامچہ محرر 6 ماہ پہلے گرفتار دونوں اہلکاروں نوید اورحبیب ظفرکی زوہیب قریشی پر ڈیوٹی لگا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کے مرکزی ملزم زوہیب قریشی کو فرار کرانے کے کیس میں اب تک 5 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، گرفتار ملزمان میں ملزم زوہیب قریشی کے زیراستعمال رہنے والی آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور عمیر بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم زوہیب قریشی سے جیل میں ملنے کے لئے آنے والوں کی فہرست بنائی گئی ہے فہرست میں شامل تمام افراد سے بھی پوچھ گجھ کی جارہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دعا منگی اغوا کیس کے مرکزی ملزم کے فرار ہونے کیس کی تفتیشی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل یونٹ منتقل کردی گئی ہے، دعا منگی اغوا کیس کی تفتیش بھی اے وی سی سی کے پاس ہے اور اب اے وی سی سی دونوں کیسوں کی تفتیش کریگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں