بھارت کا اجمیر شریف عرس میں شرکت کے منتظر پاکستانی زائرین کو عین وقت پر ویزا دینے سے انکار

پاکستان کا معاملہ وزارتِ خارجہ کی سطح پر اٹھانے کا اعلان


ویب ڈیسک February 02, 2022
کہ پاکستانی زائرین کو 3 فروری کو عرس میں شرکت کے لیے اجمیر شریف روانہ ہونا تھا (فوٹو انٹرنیٹ)

بھارتی حکومت نے اجمیر شریف عرس پر روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو عین وقت پر ویزے دینے سے انکار کر دیا۔

وفاقی وزیر مذہبی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے بتایا کہ بھارتی سفارت خانے نے ہمیں عرس پر روانگی کیلئے تیار رہنے کا کہا مگر ماضی کی طرح عین وقت پر ویزوں کے اجرا سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ معین الدین اجمیر چشتی کے مزار پر حاضری کیلئے پاکستانی زائرین نے بھارتی حکومت کی تمام ہدایات پرعمل بھی کیا۔

پیر نور الحق قادری نے شرائط اور ایس او پیز پر عمل کے باوجود ویزے جاری نہ کرنے کے عمل کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہش مند مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

وزیر مذہبی امور نے اعلان کیا کہ پاکستانی زائرین کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک اور رویہ کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کی سطح پر اٹھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی حکومت کا آخری وقت پر 170 پاکستانی سیاحوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیشہ بھارتی ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے، بھارت نے کورونا کا بہانہ بنا کر عین وقت پر دونوں ملکوں کے مابین زیارت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 سال میں سخت کورو نا پابندیوں کے باوجود مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے احترام میں ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے جبکہ انڈین سفارتخانے کی غفلت اور سستی کے باعث دور دراز علاقوں سے لاہور آنے والے سینکڑوں زائرین ذہنی اذیت کا شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستانی زائرین کو 3 فروری کو حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت کے شہر اجمیر کے لیے روانہ ہونا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں