ہائی ٹینشن لائن سے کرنٹ لگنے سے 10 سالہ لڑکا ہلاک 8 بچے زخمی

تار ٹوٹ کر گرنے سے بچوں کو کرنٹ لگا جسے ٹھیک کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی،مدرسہ انتظامیہ کا الزام


Staff Reporter February 03, 2022
سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں بچوں کو کرنٹ لگنے کا واقعہ افسوسناک ہے ۔ فوٹو : فائل

لاہور: سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں مدرسے کی چھت کے قریب سے گزرے والے ہائی ٹینشن لائن سے کرنٹ لگنے سے نوعمر لڑکا جاں بحق جبکہ 8 بچے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔

سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی الاصف اسکوائر کے عقب میں جامع مسجد مصطفیٰ و مدرسے کی چھت پر کھیلنے کے دوران مدرسے کے طالبعلموں کو کرنٹ لگ گیا جس کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ بچوں کو قریب ہی واقع نجی اسپتال لے جایا گیا۔

ایس ایچ او سہراب گوٹھ زبیر نواز نے بتایا کہ ابتدائی طور اطلاع ملی تھی کہ ہائی ٹینشن لائن کا تار ٹوٹ کر گرا ہے تاہم جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پر انکشاف ہوا کہ ایک تار لٹک کر نیچے آگیا تھا اور کھیلنے کے دوران ایک بچے کا ہاتھ تار پر لگنے سے اسے کرنٹ لگا اس دوران دیگر بچوں نے اسے بچانے کی کوشش کی تو انھیں بھی کرنٹ لگ گیا۔

انھوں نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کے واقعے میں 10 سالہ عبداللہ ولد جنت گل جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر 8 زخمی بچوں کی شناخت 4 سالہ خالد ولد سیف الدین ، 7 سالہ عمر ولد جمعہ خان ، 4 سالہ حسن ولد احمد شاہ ، 10 سالہ ہارون ولد فضل امین ، 10 سالہ احمد ولد اکبر ، 11 سالہ نورالدین ، 11 سالہ اسد ولد اکبر اور 12 سالہ سیف اللہ ولد حاجی شمس کے نام سے کی گئی جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر کے الیکٹرک کو دی گئی لیکن ان کی جانب سے کسی بھی قسم کا فوری ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

جائے وقوعہ کی بنائی گئی ویڈیو میں مدرسے کے ذمہ داروں کی جانب سے بتایا گیا کہ انھوں نے چند روز قبل اپنی مدد آپ کے تحت 11 ہزار وولٹ کے تار کو باندھا تھا اور اس حوالے سے ایک ہفتے قبل کے الیکٹرک کے ذمے دار کو شکایت بھی کی تھی کہ یہاں پر پی وی سی تار لگا دیں اور انھوں نے یقین دہائی کرائی تھی کہ ہم یہ کام کر دیں گے جبکہ چند روز قبل کے الیکٹرک کی 2 گاڑیاں آئیں تھیں جو کچھ کام کر کے چلی گئیں اور ان تاروں کو ٹھیک نہیں کیا۔

مدرسے کی چھت پر موجود افراد کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پرکے الیکٹرک کا تار ٹوٹ کر گرا ہے جس کی وجہ سے مدرسے کے بچوں کو کرنٹ لگا جس میں ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دیگر بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔

دریں اثنا کرنٹ لگنے کے واقعہ سے متعلق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ مچھر کالونی میں کرنٹ لگنے کے افسوسناک واقعے کی اطلاع ملی جس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچوں نے کھیلتے ہوئے ایک تار کو چھونے کی کوشش کی تاہم جائے وقوعہ پر کے الیکٹرک کے تار ٹوٹ کر گرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کا نیٹ ورک علاقے میں محفوظ طریقے سے تنصیب کیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں ، ترجمان التماس کی ہے کہ بجلی کے تاروں سے فاصلہ رکھیں اور انھیں ہرگز چھونے کی کوشش نہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |