مدھو بالا کی عمر رسیدہ بہن کو بہو نےگھر سے نکال دیا

کنیز 17 یا 18 سال قبل نیوزی لینڈ اپنے بیٹے اور بہو کے پاس رہنے گئی تھیں


ویب ڈیسک February 03, 2022
96 سالہ کنیز بلسارا کو ان کی بہو ثمینہ نے گھر سے نکال دیا فوٹوبھارتی میڈیا

لاہور: بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھو بالا کی بڑی بہن کنیز بلسارا کو ان کی بہو نے گھر سے نکال دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 96 سالہ کنیز بلسارا کو ان کی بہو ثمینہ نے گھر سے نکال دیا۔ بعد ازاں کنیز 29 جنوری کو بغیر کسی مدد اور پیسوں کے آکلینڈ سے ممبئی پہنچیں۔ بزرگ خاتون کنیز کے ساتھ بہو کے برے رویے کے بارے میں میڈیا کو ان کی بیٹی پرویز نے بتایاجو ممبئی میں ہی رہتی ہے۔

پرویز نے بتایا کہ ان کی والدہ آج سے 17 یا 18 سال قبل نیوزی لینڈ اپنے بیٹے اور بہو کے پاس رہنے گئی تھیں لیکن ان کی بہو کا رویہ ان کے ساتھ صحیح نہیں تھا۔

اداکارہ مدھوبالا کی چھوٹی بہن مدھر بھوشن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بڑی بہن کی اس حالت کو دیکھ کر صدمے میں ہیں۔

کنیز کی بیٹی پرویز نے ان کی والدہ کو گھر سے نکالنے والی بہو ثمینہ اور ایئرپورٹ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر کس طرح ایئر پورٹ انتظامیہ کووڈ کے دنوں میں کسی بزرگ خاتون کو بغیر کسی کو ساتھ لائے فلائٹ میں بٹھانے پر رضامند ہوگئی۔

پرویز نے مزید بتایا کہ انہوں نے جب اپنی بھابھی ثمینہ سے فون پر ان کی والدہ کے فنڈز (پیسوں) کے متعلق سوال کیا تو اس نے لاعلمی کا اظہار کیا اور میری والدہ کے پیسے اور زیورات اپنے پاس ہی رکھ لیے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کی ماضی کی سپر اسٹار مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم دہلوی تھا۔ وہ گیارہ بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھیں۔ مدھوبالا کے چار بہن بھائی بچپن میں ہی اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں