اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 7 میں دوسری کامیابی حاصل کرلی


ویب ڈیسک February 03, 2022
اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔ (فوٹو ٹویٹر)

SHANGHAI: پاکستان سپر لیگ 7 (پی ایس ایل) کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان دسواں میچ کھیلا گیا، جس میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہلز نے بہت جارحانہ انداز سے کیا اور 3.3 اوورز میں پی ایس ایل کی نصف سنچری بنائی۔ بعد ازاں ایلکس ہلز 55 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ انہوں نے 9 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی پال اسٹرلنگ تھے جو 102 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، انہوں نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بعد ازاں کپتان شاداب خان وکٹ پر آئے جو صرف 9 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے، یوں 136 پر یونائیٹڈ کو تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے بعد اعظم خان وکٹ پر آئے جنہوں نے کولن منرو کا بھرپور ساتھ دیا، منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، پھر 229 کے مجموعی اسکور پر اعظم خان 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے، کولن منرو 71 ، اعظم خان 65 اور اسٹرلنگ 58 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز دو جبکہ شاہد آفریدی اور جیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز احسان علی اور عبدالبنگلزئی نے کیا، دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 54 تک پہنچایا تو عبدالبنگلزئی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جیمز ونز 55 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احسان علی تھے جو 50 رنز بنا کر 71 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد بین ڈکٹ 85، افتحار احمد 96 اور سرفراز احمد 97 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ گلیڈی ایٹرز کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جو شاداب خان کی گیند پر صرف چار رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو شکار بنایا، جن میں احسان علی، سرفراز احمد، بین ڈکٹ، افتخار احمد، شاہد آفریدی شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آخری تین کھلاڑی 186 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جن میں محمد نواز 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اگر اب تک کے میچز کی بات کی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 میں سے 2 جبکہ گلیڈی ایٹرز نے 4 میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن گلیڈی ایٹرز سے بہتر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں آج شاہد آفریدی کی واپسی ہوئی جبکہ سر ووین رچرڈ بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میدان میں موجود تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

جیمز ونس، احسن علی، بین ڈکٹ، سرفراز احمد (کپتان)، افتخار احمد، شاہد آفریدی، محمد نواز، سہیل تنویر، جیمز فالکنر، نسیم شاہ اور عبدالبنگلزئی

اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، شاداب خان، آصف علی، اعظم خان، مبشر خان، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی، وقاص مسعود

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں