اسرائیلی صدر مارچ میں ترکی کا دورہ کریں گے طیب اردگان

اسرائیلی ہم منصب کا دورہ ترکی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب کھولے گا، ترک صدر

اسرائیل اور ترکی باہمی روابط کی بہتری کے خواہاں ہیں (فوٹو، فائل)

ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ہم منصب آئیزک ہرزوگ رواں سال مارچ کے وسط میں ترکی کا دورہ کریں گے۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طیب اردگان نے دورہ یوکرین سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ترک اسرائیل تعلقات کی مضبوطی کے لیے ہم منصب آئیزک ہرزوک اگلے ماہ ترکی آرہے ہیں، دونوں ممالک باہمی روابط کی بہتری کے خواہاں ہیں۔

دوسری جانب ترک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ترکی اور اسرائیل کے درمیان رابطے بڑھانے کے لیے کوششیں بھی تیز کی گئیں، اس ضمن میں رجب طیب اردگان کا اسرائیلی صدر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔


گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں ترک صدر نے کہا تھا کہ اسرائیلی ہم منصب کا دورہ ترکی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک نیا باب کھولے گا۔

یاد رہے کہ سال 2010 میں اسرائیل نے غذا متاثرین کو امداد فراہم کرنے والی ترک کشتی کو نشانہ بنایا تھا جس میں تقریباً 10 رضاکار مارے گئے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

بعد ازاں 2013 میں اس وقت کے وزیراعظم نیتن یاہو نے ترکی سے معافی مانگتے ہوئے کشتی متاثرین کے لیے 20 ملین ڈالرز معاوضے کے طور پر دینے کا اعلان کیا تھا۔
Load Next Story