حارث ٹیسٹ میں بھی پہچان بنانے کے خواہاں

میں سوئنگ کے بجائے لائن و لینتھ پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہوں، پیسر


Saleem Khaliq February 04, 2022
رفتار اصل ہتھیار ،سوئنگ کے بجائے لائن و لینتھ پر توجہ رکھتا ہوں،پیسر فوٹو: فائل

ISLAMABAD: حارث رؤف ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پہچان بنانے کے خواہاں ہیں،پیسر کا کہنا ہے کہ رفتار میرا اصل ہتھیار ہے، سوئنگ کے بجائے لائن و لینتھ پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہوں، لاہور قلندرز کے ٹرائلز میں منتخب ہوتے ہی پاکستان کیلیے کھیلنے کی ٹھان لی تھی،بھارتی ٹیم کا نیٹ بولر رہا،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اس کیخلاف میدان میں اترا تو بڑی خوشی محسوس ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق'' میں گفتگوکرتے ہوئے حارث رؤف نے کہاکہ میرے لیے اسپیڈ خاص اہمیت کی حامل ہے،کرکٹ کے آغاز سے ہی ہمیشہ تیز بولنگ کیلیے کوشاں رہا،اب بھی ہر میچ میں اپنی برق رفتاری برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں سوئنگ کے بجائے لائن و لینتھ پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہوں، ہر کرکٹرکا خواب ہوتا ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرے،مجھے بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل رہنے کا موقع ملا، توقع ہے کہ جلد کھیلنے کا موقع بھی ملے گا۔

میں کوشش کروں گا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے 4 روزہ میچز میں تسلسل سے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم میں جگہ اور اپنی پہچان بناؤں۔ ایک سوال پر حارث رؤف نے کہا کہ لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈیولپمنٹ جیسا پلیٹ فارم بہت کم نظر آتا ہے، فرنچائزکے ٹرائلز میں منتخب ہوتے ہی میں نے پاکستان کیلیے کھیلنے کی ٹھان لی تھی، آسٹریلیا میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا،اچھی پرفارمنس ہوئی پھر گرین شرٹ زیب تن کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا،قومی ٹیم میں جگہ ملی تو سوچ تھی کہ اب طویل عرصے تک ملک کیلیے پرفارم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے دورئہ آسٹریلیا کے دوران میں نیٹ بولر تھا،مہمان کھلاڑیوں نے اس وقت بڑی حوصلہ افزائی کی،میں نے بھی کہا تھا کہ ایک دن انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو بولنگ کروں گا،یہ موقع ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آیا تو بڑی خوشی محسوس ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں