فلاور ملتان سلطانز کو چھوڑ کر بھارت چلے گئے

بطورلکھنؤ سپرجائنٹس کوچ آئی پی ایل ڈرافٹ میں حصہ لیں گے


Saleem Khaliq February 04, 2022
اینڈی فلاور13 تاریخ تک لاہور پہنچ کر ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گے ۔ فوٹو : فائل

JOHANNESBURG: اینڈی فلاور ملتان سلطانز کی ٹیم کو چھوڑ کر بھارت چلے گئے وہ نئی فرنچائزلکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ کی حیثیت سے آئی پی ایل ڈرافٹ میں حصہ لیں گے۔

پاکستانی فرنچائز کے مطابق کوچ ورچوئل طور پر دستیاب ہوں گے،13 فروری کو ڈرافٹ کے بعد لاہور آ جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم ان دنوں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، تاحال وہ اپنے چاروں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر نمبرون بن چکی۔

اس میں اینڈی فلاور کی کوچنگ کا بھی اہم کردار ہے تاہم اب وہ کم از کم مزید اگلے10 دن تک سلطانز کو دستیاب نہیں ہوں گے، ذرائع کے مطابق اینڈی فلاور بھارت چلے گئے ہیں، وہ12 اور 13 فروری کو بنگلور میں شیڈول آئی پی ایل ڈرافٹ میں شریک ہوں گے، نئی فرنچائزلکھنؤ سپر جائنٹس نے انھیں ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

پہلے جانے کا مقصد ڈرافٹ کیلیے حکمت عملی تیار کرنا ہے، ملتان سلطانز 5 اور10 فروری کو پشاور زلمی جبکہ 11 تاریخ کو لاہور قلندرز سے میچز میں بھی ہیڈ کوچ کی خدمات سے محروم ہوگی،16 فروری کو کراچی کنگز کیخلاف میچ سے قبل اینڈی فلاور ملتان سلطانز کو جوائن کر سکتے ہیں۔

سلطانز کے میڈیا ڈپارٹمنٹ نے رابطے پر ہیڈ کوچ کے بھارت جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورچوئل طور پر کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، ان کی غیر موجودگی میں مشتاق احمد سمیت دیگر کوچز ٹیم کی رہنمائی کررہے ہیں، اینڈی فلاور13 تاریخ تک لاہور پہنچ کر ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اینڈی فلاور انگلش ٹیم کی کوچنگ کے امیدواروں میں بھی شامل ہیں، سابقہ پی سی بی انتظامیہ انھیں ورلڈکپ کے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرنا چاہتی تھی مگر بعد میں اس تجویز کو عملی جامہ نہ پہنایا جا سکا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں