وزیراعظم کی چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کراچی اور فیصل آباد کے پانی منصوبوں پر گفتگو

کراچی میں کے فور منصوبہ اور حب کینال جبکہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک February 05, 2022
کراچی میں کے فور منصوبہ اور حب کینال جبکہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی، وزیر اطلاعات

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات میں کراچی اور فیصل آباد میں پانی کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چین میں سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں کراچی اور فیصل آباد میں پانی کے منصوبوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی، کراچی میں کے فور منصوبہ، حب کینال جبکہ فیصل آباد میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بات ہوئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم آج چین کے صدر کی جانب سے سربراہان مملکت کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی آج شام کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، ازبکستان کے صدر اور چین کے وزیراعظم سے ملاقات ہوگی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کے سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی ٹیم پہلی مرتبہ شریک ہوئی، پاکستان کی ٹیم کا چین کے عوام کی جانب سے والہانہ خیرمقدم کیا گیا، پاک چین دوستی دونوں ملکوں کے عوام کی ایک دوسرے کے لئے محبت کے اظہار پر مبنی ہے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی تھنک ٹینکس سے بھی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے زور دیا کہ دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتی، امریکہ اور چین کے درمیان تنازعہ کو حل کرنے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے مزید گفتگو ہوگی، آج وزیراعظم سے پاکستان کے اقتصادی تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں