مظفر آباد میں خصوصی جموں وکشمیر مونومنٹ بنادیا گیا

اس مونومنٹ کو محمد فاروق نے ڈیزائن کیا ہے جن کا تعلق وزیرستان سے ہے۔

اس مونومنٹ کو محمد فاروق نے ڈیزائن کیا ہے جن کا تعلق وزیرستان سے ہے۔

ISLAMABAD:
بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری محاصر ے کو آج 915 دن ہو چکے ہیں۔

تحریکِ آزادی کشمیر کے حوالے سے مظفر آباد میں ایک خصوصی جموں وکشمیر مونومنٹ بنایا گیا ہے، جو کشمیریوں کی لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا استعارہ ہے۔

اس مونومنٹ کو محمد فاروق نے ڈیزائن کیا ہے جن کا تعلق وزیرستان سے ہے۔ یہ مونومنٹ نلوچی پارک، مظفر آباد کوہالہ ٰ روڈ پر واقع ہے۔ یہ مونومنٹ 1755مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کے 4بڑے حصے ہیں۔

پہلے حصے میں مختلف تاریخی تصاویر کے ذریعے آزادی سے قبل کشمیری کاوشوں، اہم راہنماؤں اور جنت نظیر وادی کی عکس بندی کی گئی ہے۔

انڈر پاس سے نکلنے کے بعد سیاح مونومنٹ کے مرکزی حصے میں پہنچ جاتے ہیں جہاں دیواروں کی صورت میں دو دائرے بنتے ہیں۔ بیرونی دائرے میں 4انفرادی دیواریں ہیں جو کہ پاکستان کے 4صوبوں کی عکاس ہیں۔


جن پر تحریک آزادی میں شہید ہونے والے پاکستانی شہداء کے نام درج ہیں۔ اندرونی دائرہ 8دیواروں پر مشتمل ہے جن پر آزاد جموں و کشمیر کے شہداء کا اندراج ہے۔



ان دونوں دائروں کے درمیان ایک دیوار واقع ہے جس کو دیوار کشمیر کہا جاتا ہے۔ یہ دیوار موجودہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جدوجہد کو ظاہر کرتی ہے۔ مزید مرکزی حصے کے عین بیچ میں ایک پلیٹ فارم ہے جس سے پاکستان اور کشمیر کی یکجہتی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تیسرے حصے میں 4فریمز موجود ہیں۔

پہلے فریم کا رنگ سبز جس پر قائداعظم محمد علی جناح کی کشمیر سے متعلق اقتباسات درج ہیں۔ دوسرے فریم کا رنگ لال ہے جو کہ جموں و کشمیر کی عوام کی قربانیوں کا مظہر ہے، جس پر حریت راہنما سید علی شاہ گیلانی کے جملے درج ہیں۔

تیسرے فریم کا رنگ سفید ہے جس میں مسلمِ اُمہ کے کشمیر سے متعلق نظریات درج ہیں جبکہ چوتھے فریم کا رنگ نیلا ہے جو بین الاقوامی برادری کے کشمیر سے متعلق بیانیے کی عکاس ہے۔ مرکزی حصہ سے لال اور سفید رنگ کی لکیریں مونومنٹ کے آخری حصے تک جاتی ہے۔

لال رنگ کی لکیر شہداء کے خون کی عکاسی ہے جبکہ اُس کے دونوں اطراف گزرتی سفید لکیریں سیاسی اور سماجی کاوشوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ چوتھا اور آخری حصہ حتمی منزل ہے جہاں پہ پاکستان کا نقشہ تنصیب کیا گیا ہے۔ جس کے عین درمیان میں چنار کا پتا ہے جو کہ مقصود منزل کو ظاہر کرتا ہے جو کہ پاکستان اور کشمیر کا حتمی الحاق ہے۔
Load Next Story