حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے بلاول

عمران خان کو نکالنے کےلیے ن لیگ، پی پی ایک صفحے پر ہیں، چیئرمین پی پی

عمران خان کو نکالنے کےلیے ن لیگ، پی پی ایک صفحے پر ہیں، چیئرمین پی پی

ISLAMABAD:
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ گیااور اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو ہٹانےکیلئے ہم سب اکٹھےہیں، حکومت کےخلاف احتجاج کےساتھ تحریک عدم اعتمادکےآپشن کھلےہیں، عمران خان کو ہرصورت گھرجانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنی مجلس عامہ کے اندر تفصیلی مشاورت کے بعد سیاسی فیصلے کیے تھے ، میں نے اپنی جماعت کی سوچ شہباز شریف کے سامنے رکھی ہے، انہوں نے اپنے اور اتحادیوں کے پلان ہمارے سامنے رکھے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور پی پی قیادت کی اہم ملاقات، زرداری کا شہباز سے تحریک عدم اعتماد لانے کا مطالبہ

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مشکل حالات اور معاشی بحران میں پھنسے عوام کے لئے فیصلہ کرنا ضروری ہے ، ہماری امید ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جتنا زیادہ مل کر کام کرینگی اور ہمارے اتحاد میں جتنا اضافہ ہوگا، حکومت کو اتنا ہی خطرہ لاحق ہوگا اور دباؤ بڑھے گا ، شہباز شریف کو کریڈٹ جاتا ہے کہ بطور قائد حزب اختلاف انہوں نے تمام تر حالات کے باوجود قومی اسمبلی میں سب کو اکٹھا رکھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہئے ، احتجاج کے ساتھ ساتھ تحریک عدم اعتماد کا آپشن ہے جس پر ن لیگ میں بھی اتفاق رائے بڑھ رہا ہے ، آگے جاکر مزید اتفاق رائے ہوگا، ملک کو بچانے کے لئے عمران خان کو نکالنا ضروری ہے ، عوام و قومی مفاد کےلیے ن لیگ، پی پی ایک صفحے پر ہیں کہ عمران خان کو جانا ہے، ہم نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ اور شہباز شریف نے ہمارے لانگ مارچ کو ویلکم کیا ہے، حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہر قدم اٹھانے کےلیے تیار ہیں، باہمی اختلافات کے باوجود بڑے مقصد کےلیے اکٹھے ہیں۔
Load Next Story