ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا شیخ رشید

اپوزیشن والے کہتے ہیں حکومت کو گھر بھیج دیں گے یہ منہ اور مسورکی دال، شیخ رشید


ویب ڈیسک February 06, 2022
اپوزیشن والے کہتے ہیں حکومت کو گھر بھیج دیں گے یہ منہ اور مسورکی دال، شیخ رشید . فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال لیں گے، لیکن گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا دن تھا، اپوزیشن نے یوم یکجہتی کشمیر کو انتشار کا دن بنایا، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال لیں گے، لیکن گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا، مولانا کوشش کرلیں نہ اپوزیشن استعفے دے گی اور نہ ہی لانگ مارچ کامیاب ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ منی لانڈروں نےملک کو بحران میں ڈالا، اور پاکستان میں منی لانڈرنگ کرنے والے اکھٹے ہوگئے ہیں، یہ لوگ کہتے ہیں ہمیں گھر بھیجیں گے، یہ منہ اور مسور کی دال، اپوزیشن والے تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں شوق سے لائیں، او آئی سی کے اجلاس کے لیے میں نے پہلے کہا تھا کہ تاریخ تبدیل کر لیں لیکن اب میں کہتا ہوں آ جائیں، میں سب کو کہتا ہوں سارے مل کر آئیں ہمیں کوئی خطرہ نہیں، یہ لوگ انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں یہ ان کی بھول ہے، مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ اپنے لیے بڑا مسئلہ پیدا کررہے ہیں، اپوزیشن اپنی موت آپ مرنے جارہی ہے، یہ ہمیں کیا گھر بھیجیں گے، یہ فیٹیف کے اصلی مجرم ہیں، ن لیگ کا نسلہ ٹاور اور پی پی کی تجوری ہائٹس گرچکی ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کو ہماری فورسز نے جاں فشانی کے ساتھ ناکام بنایا، پاک فوج نے 72 گھنٹوں میں 20 دہشت گرد مارے، ہمارے 9 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے، بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے اور بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتا، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے لیکن ان سے مذاکرات کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا، قبل از وقت کچھ نہیں کہہ سکتا، پاکستان کے خلاف اسلحہ اٹھانے والوں سے مزاکرات نہیں ہو سکتے، جو پاک فوج کے خلاف اسلحہ اٹھائے اسے معاف نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کی عظیم فوج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہے، افغان طالبان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں اور رہیں گے، اس حوالے سے وزیرخارجہ بہتر بتا سکتے ہیں، بہرحال پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو جائے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے ہمار ا تعلق جان اور دل سے عزیز ہے، کل سعودی عرب کے وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، سعودیہ میں ہمارے قیدیوں کی بازیابی کے حوالے سے بات کریں گے، ہم مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں، جہاں ہمارے قیدی ہیں ان کو واپس لائیں گے، قطر، بحرین، کویت سے بھی رابطے میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں