جمہوریت کا انتقام سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹانا ہے بلاول

ہم نے اعلان جنگ کردیا اب حکمرانوں کے گھبرانے اور حساب دینے کا وقت شروع ہوگیا ہے، بلاول بھٹو

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کی تحصیل تمبو میں بلاول بھٹو کا جلسے سے خطاب (فوٹو ٹویٹر)

ISLAMABAD:
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹانا بھی جمہوریت کا انتقام ہے۔

بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کی تحصیل تمبو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے ملک میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آپ موقع دیں تو ہم دن رات محنت کر کے بلوچستان کے عوام کو ان کا حق پہنچائیں گے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ پیپلزپارٹی کی یہ سوچ رہی ہے کہ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے، جس کے بعد اب حکمرانوں کے گھبرانے اور حساب دینے کا وقت شروع ہوگیا، ہم 27 فروری کو کراچی سے اسلام آباد کا رخ کریں گے اور جمہوری طریقے سے عوام کو سلیکٹڈ حکومت سے نجات دلائیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ نے چینی، آپ کی خوراک پر ڈاکا مارا ہے، آج صورت حال یہ ہے کہ چھین رہا ہے کپتان روٹی کپڑا اور مکان جبکہ مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان، جب سے سلیکٹڈ حکومت آئی ہے غربت بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور نصیر آباد کے عوام غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔


مزید پڑھیں: حکومت لانگ مارچ سے گھبرا کر پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے، بلاول بھٹو

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر کے عوام لانگ مارچ میں شرکت کریں گے، بلوچستان کے عوام بھی حکومت کا خاتمہ کرنے میں ہماری مدد کریں اور جمہوریت کا ساتھ دیں۔ بلاول نے ناراض بلوچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'میں بھی مظالم کا شکار رہا اور ناراض ہوں کیونکہ میرے نانا کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ والدہ کی شہادت ہوئی مگر میں اپنا بدلا ہتھیار سے نہیں جمہوریت سے لوں گا'۔

انہوں نے کہا کہ میرا اور آپ کا رشتہ تین نسلوں پرانا ہے، شہید بی بی کہتی تھیں نصیر آباد کے بچے میرے بھی بچے ہیں میں وہاں کے عوام اور بچوں کے ساتھ عید گزاروں گی جبکہ شہید بھٹو نے کہا تھا نصیر آباد کے عوام ہمارے پڑوسی ہیں اور پڑوسی کا حق سب سے زیادہ ہوتا ہے۔

بلاول کا مزید کہنا تھا کہ شہید بی بی کا خواب تھا کہ اس علاقے کے عوام ترقی کریں مگر افسوس کہ آج تک یہ خواب پورا نہ ہوسکا، مگر اب ہم مل کر اور ایک ہوکر حق کے لیے جدوجہد کریں گے اور اپنا حق چھین کر حاصل کریں گے۔
Load Next Story