بھارتیوں نے شاہ رخ پر لتا منگیشکر کی میت پر تھوکنے کا الزام عائد کردیا

لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئیں


ویب ڈیسک February 06, 2022
شاہ رخ خان سمیت دیگر نامور شخصیات نے لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کی (فوٹو اے این آئی)

بالی ووڈ کی لیجنڈری آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات ممبئی کے شیوا جی پارک میں ادا کی گئیں، جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور نامور شخصیات نے شرکت کی۔

آخری رسومات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک تھیں، جن میں شاہ رخ خان بھی قابل ذکر ہیں۔

اے این آئی کی جانب سے سچن ٹنڈولکر اور شاہ رخ خان کی لتا منگیشکر کی آخری رسومات میں شرکت کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں کنگ خان ایک خاتون کے ساتھ آئے اور انہوں نے میت کے سامنے کھڑے ہوکر دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے۔

شاہ رخ خان نے دعا ختم ہونے کے بعد ماسک نیچے کیا اور میت کی طرف منہ کر کے پھونک ماری۔ اس ویڈیو کو بنیاد بنا کر ایک بھارتی صارف نے الزام عائد کیا کہ شاہ رخ خان نے لتا منگیشکر پر تھوک پھینکا۔ اس کے نیچے اور بھی صارفین آئے اور شاہ رخ خان پر یہی الزام عائد کیا۔

جہاں الزام عائد کرنے والے صارفین تھے وہیں سوشل میڈیا پر کچھ ایسے باشعور لوگ موجود تھے جنہوں نے الزام لگانے والے صارفین کو سمجھانے کی کوشش کی کہ شاہ رخ خان نے تھوکا نہیں بلکہ دعا پڑھ کر پھونکی ہے۔

آج صبح لتا منگیشکر 92 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئیں، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران فلم انڈسٹری اور بھارتی میوزک انڈسٹری کو مختلف زبانوں میں 30 ہزار سے زائد گانے دیے، وہ 1974ء سے 1991ء تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ریکارڈ ہولڈر کے طور پر شامل رہیں۔ گنیز بک کے مطابق وہ دنیا میں سب سے زیادہ گانے ریکارڈ کرانے والی گلوکارہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں