حالات کی وجہ سے عوام بغاوت کی طرف جارہے ہیں مولانا فضل الرحمان

معیشت کو قبضے میں لے کر بین الاقوامی ایجنڈوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، فضل الرحمان کا ڈی آئی خان میں جلسے سے خطاب


ویب ڈیسک February 07, 2022
اب فیصلے کی گھڑی آگئی ہے، مولانا

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ایسے حالات آرہے ہیں کہ عوام بغاوت کی طرف جارہے ہیں، اب فیصلے کی گھڑی ہے، ملکی معیشت کو قبضے میں لے کر بین الاقوامی ایجنڈوں پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملکی معیشت کو قبضے میں لیا جا رہا ہے، تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے ملک ڈبونے میں شریک ہونے جا رہے ہیں، ملک بنانے کا کیا مقصد تھا کہ اور اسے تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے، بجلی مہنگی کر دی گئی جبکہ 12 ہزار کمانے والے کا بل 7، 8 ہزار آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب کی سکت ختم ہوگئی، دوائی نہیں لے سکتا، اسکول فیس نہیں دے سکتا، مرکزی بینک پارلیمنٹ، حکومت اور وزیر اعظم کو جواب دہ نہیں ہے، ہم نے مرکزی بینک گروی رکھ دیا ہے، ہمیں کوئی قرض دینے والا نہیں، سال میں ایک بجٹ آتا ہے یہاں چار آتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا پنجاب کے گورنر کے مطابق آئی ایم ایف نے سب لکھوا لیا ہے، ایف بی آر کہتا ہے پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہے، ناجائز حکومت اور تین سال کی کارکردگی سامنے آگئی ہے، ووٹ عوام کا حق ہے، حق چوری کیا گیا، واپس لوٹائیں گے۔

مولانا کا مزید کہنا تھا کہ تمام جماعتوں نے دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کیا، ہم ایک ہفتے میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، پورے ملک میں الیکشن نتائج تبدیل کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں