’’او مائی ڈارلنگ‘‘

ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے ایکسپریس نیوز کا اسپیشل پروگرام


Muhammad Javed Yousuf February 18, 2014
ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے ایکسپریس نیوز کا اسپیشل پروگرام۔ فوٹو: فائل

ویلنٹائن ڈے محبتیں باٹنے کا دن ہے۔ اس سلسلے میں ایکسپریس میڈیا گروپ بھی پیچھے نہیں رہا۔

اخبارات میں اس حوالے سے قارئین کے خصوصی پیغامات پر مشتمل سپلمنٹس شائع کئے گئے تو دوسری طرف ایکسپریس انٹرٹینمنٹ اور نیوز ٹی وی پر مختلف پروگراموں پر سرخ رنگ چھایا رہا۔ جگمگاتے ماحول میں میزبان مہمانوں کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو کرتے نظر آئے لیکن سب سے زیادہ رونق اور دلکشی مقبول پروگرام ''ڈارلنگ'' میں دیکھنے میں آئی۔ باغ جناح میں سجائے جانے والے اس میلے میں فنکار، میزبان اور سامعین لطف اندوز ہوتے دکھائی دئیے۔ ''ڈارلنگ'' کا ویلنٹائن اسپیشل پروگرام کی مناسبت سے اس کا نام ''او مائی ڈارلنگ'' رکھا گیا تھا۔ اس پروگرام کے میزبان ہر دلعزیز صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار،کمپیئر ، صداکار خالد عباس ڈار تھے۔ وہ بھی پروگرام اور ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے خصوصی طور پر سرخ ٹائی لگائے ہوئے تھے۔



پروگرام کے سیٹ کو بھی سرخ پھولوں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا تھا جس میں مختلف رنگوں کی لائٹس روشن ہوتے ہی ماحول کو اور بھی زیادہ خوبصورت بنا دیا تھا۔ شام ہوتے ہی سردی بڑھ رہی تھی مگر اس کے باوجود بچے، بوڑھے ، جوان اور خواتین کی ایک کثیر تعداد پروگرام کے لئے آ رہے تھے۔ خالد عباس ڈار اپنی ڈپٹی ڈارلنگ (نواز انجم) کے ساتھ پروگرام کے ایگزیکٹو پروڈیوسر یاسر سواتی، پروڈیوسر یاسر مغل، نوید رانا، اسٹنٹ پروڈیوسر عثمان مقصود ، زاہد گوریجہ سمیت دیگر ٹیم کے ہمراہ ''او مائی ڈارلنگ'' کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے۔

دوسری طرف کیمرہ مین بھی اپنی اپنی پوزیشن سنبھال رہے تھے تاکہ جیسے ہی پروگرام شروع ہو تو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پروگرام شروع ہونے میں ابھی ایک گھنٹہ باقی تھا کہ سابق کرکٹر سلمان بٹ پہنچ گئے، ڈپٹی ڈارلنگ نواز انجم ویلنٹا ئن ڈے کے حوالے سے خصوصی گٹ اپ میں تیار بیٹھے تھے۔ خالد عباس ڈار اور ڈپٹی ڈارلنگ نواز انجم کو دیکھتے ہی بچے، جوان اور فیملیاں ان کے ساتھ تصاویر اور آٹو گراف لیتی رہیں۔

ادھر خالد عباس ڈار سے کہا گیا کہ آپ پروگرام کا آغاز کریں، مہمان پہنچ چکے ہیں۔خالد عباس ڈار جیسے ہی سٹیج پر آئے تو حاضرین نے زور دار تالیوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا، جس پر انہوں نے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ انہیں داد بھی دی کہ جو سرد موسم کے باوجود پروگرام کا حصہ بننے کے لئے بیٹھے ہوئے ہیں۔

اتنی دیر میں گلوکارہ حمیر ارشد اور لیلیٰ سرخ رنگ کے ڈریسز پہنے پہنچ گئیں جن پر انہیں سٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی معروف شاعر، رائٹر اور میزبان سید وصی شاہ اور ساتھ ہی کرکٹر سلمان بٹ بھی پہنچ گئے۔ مہمانوں کو دیکھتے ہوئے حاضرین ان کے ساتھ سیٹ پر ہی تصویریں بنوانے لگے جبکہ اداکارہ لیلیٰ اور حمیرا ارشد نے میزبان خالد عباس ڈار کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں۔ فنکاروں کے تصاویر بنوانے والوں سے درخواست کی گئی کہ سیٹ کو خالی کردیں تاکہ پروگرام کو شروع کیا جاسکے۔ گلوکار وارث بیگ اپنی اہلیہ اور گلوکارہ سارہ رضا بھی آگئیں۔ سردی کے باوجود شرکاء کا جذبہ دیدنی تھا۔ وہ اپنے فیورٹ میزبان، فنکاروں کی دلچسپ باتیں اور پرفارمنس کو دیکھنے کے لئے بے تاب تھے۔ جیسے ہی پروگرام شروع ہوا تو ان کے چہرے دمکنے لگے۔



میزبان خالد عباس ڈار نے مہمان اور شرکاء کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ بتایا کہ ویلنٹا ئن ڈے اسپیشل کی مناسبت سے پروگرام کا نام ''او مائی ڈارلنگ'' رکھا گیا ہے جس میں مہمانوں سے اسی حوالے سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے پہلے اپنے مہمان فنکاروں کا تعارف کرایا۔ اس کے بعد انہوں نے ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے پوچھا کہ وہ کس طرح سے اسے مناتے ہیں تو سید وصی شاہ نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے اور ہم اس سے بچ نہیں سکتے۔ ویلنٹائن ڈے بھی اسی طرح کا تہوار ہے جو ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکا ہے۔پیار محبت کے اظہار کے اس دن کو منانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ سابق کرکٹر سلمان بٹ نے کہا کہ یہ ہمارا کلچر نہیں ہے، البتہ اچھی چیزیں اپنا لینی چاہئیں۔ اداکارہ لیلیٰ نے کہا کہ یہ پیار کے اظہار کا خاص دن ہے جس میں ضروری نہیں کہ کوئی گرل فرینڈ ہو ماں باپ ، بہن بھائی سمیت سبھی رشتے ہوسکتے ہیں۔

خالد عباس ڈار نے جب ان سے پوچھا کہ آج کتنے پھول آئے تو لیلیٰ نے کہا کہ یہ تو میں بعد میں بتاؤں گی مگر آج میں سب کے سامنے آپ کو پھول پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے گلاب کا پھول ان کے کوٹ میں لگا دیا جس پر خالد عباس ڈار نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ شادی کے بعد پتہ چلا کہ ویلنٹا ئن ڈے کیا ہوتا ہے، اب اچھا لگتا ہے۔ موجودہ حالات میں تو ہمیں ویسے بھی خوشیوں کے لمحات کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہے۔ گلوکار وارث بیگ نے کہا کہ جو شادی شدہ ہیں ان کا تو ہر روز ویلنٹائن ڈے ہوتا ہے، میں تو اپنی بیوی کو روزانہ گلاب کا پھول پیش کرتا ہوں۔

گلوکارہ سارہ رضا نے کہا کہ میرا گانا میری محبت ہے اور جب دل چاہتا ہے گنگنانا شروع کر دیتی ہوں۔ آج بھی محبتیں باٹنے کے لئے اس پروگرام میں آئی ہوں۔ اس پر گلوکارہ حمیرا ارشد نے ''گل سن ڈھولنا'' سمیت دیگر اپنے مقبول گانے گا کر سماں باندھ دیا۔ منچلے بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اسی طرح گلوکار وارث بیگ اور سارہ رضا خان کی پرفارمنس بھی قابل تعریف تھی۔ انہوں نے بھی ماحول کو گرما دیا اور نوجوان بھنگڑے ڈالتے رہے۔



یہاں پر ڈپٹی ڈارلنگ (نواز انجم) کا ذکر نہ کرنا زیادتی ہوگی۔ انہوں نے اچانک زبردست انٹری دیتے ہوئے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ میزبان خالد عباس ڈار کے ساتھ ان کی برجستہ مکالمہ بازی سے حاضرین کے ساتھ مہمان فنکار بھی ہنسی سے لوٹ پوٹ ہورہے تھے۔ پروگرام اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا تھا مگر شرکاء میزبان اور فنکاروں کی باتوں اور پرفارمنس سے مزید لطف اندوز ہونا چاہتے تھے مگر وقت کی کمی کے باعث ایسا ممکن نہیں تھا۔ شرکاء نے ایکسپریس میڈیا گروپ کو ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے اتنا شاندار پروگرام کرنے پر مبارکباد دی کہ جنہوں نے انہیں اپنے فیورٹ میزبان اور فنکاروں سے ملنے کا موقع فراہم کیا۔

ویلنٹائن ڈے سپشل کے حوالے سے ہونے والا یہ پروگرام ''ڈارلنگ'' کی ٹیم نے کیا جو ایکسپریس نیوز کا مقبول ترین پروگرام ہے جس کے ریکارڈ 180 پروگرام آن ایئر ہوچکے ہیں جس کے میزبان خالد عباس ڈار ہے جو اس میں بیک وقت ڈار اور ڈارلنگ کے کردار نبھا رہے ہیں جبکہ معروف کامیڈین نواز انجم ان کے ڈپٹی ڈارلنگ کی حیثیت سے ساتھ دے رہے ہیں۔ اس پروگرام کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد یاسر سواتی، پروڈیوسر یاسر مغل، اسسٹنٹ پروڈیوسر زاہد گوریجہ، عثمان مقصود ہیں۔ پروگرام کے اسکرپٹ رائٹر گل نوخیز اختر، میوزک ڈائریکٹر ساجد حسین چھکو ترتیب دے رہے ہیں۔

ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد یاسر سواتی کا کہنا ہے کہ ''ڈارلنگ'' کی کامیابی کا کریڈٹ خالد عباس ڈار سمیت پوری ٹیم کو جاتا ہے جو اس پروگرام کے ہر سگمنٹ پر محنت کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک کی سیاسی، معاشی، شوبز سمیت ہر شعبہ میں ہونے والی تبدیلیوں اور مسائل کو طنز ومزاح کے انداز میں عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے ہونے والے ''اومائی ڈارلنگ'' کے حوالے سے مبارکباد کے بے شمار ای میلز ، ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کالز ملی ہیں۔ محمد یاسر سواتی نے مزید کہا کہ ''ڈارلنگ'' جس کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے انشاء اللہ مستقبل میں مزید اور نئی چیزیں بھی شامل کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں