94 رنز ٹوئنٹی 20 میں آسٹریلیا کی دوسری سب سے بڑی فتح

پاکستان کے 74 رنزمختصر طرزمیں کسی ٹیسٹ سائیڈ کا بھی سب سے کم مجموعہ


Sports Desk September 12, 2012
پاکستان کے 74 رنزمختصر طرزمیں کسی ٹیسٹ سائیڈ کا بھی سب سے کم مجموعہ فوٹو: اے ایف پی

دبئی میں پاکستان کو 94 رنز سے زیر کر کے آسٹریلیا نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں اپنی دوسری سب سے بڑی فتح حاصل کر لی۔

کینگرو ٹیم نے اس سے قبل2006 میں جنوبی افریقہ کو95 رنز کے ریکارڈ مارجن سے ہرایا تھا، سب سے بڑے مارجن سے شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم نے74 رنز پر ڈھیر ہو کر نہ صرف اپنا کمترین اسکور بنایا بلکہ یہ مختصر طرز میں کسی بھی ٹیسٹ سائیڈ کا بھی سب سے کم اور مجموعی طور پر چھٹا معمولی مجموعہ ہے۔

بھارتی سائیڈکو بھی آسٹریلیا نے2008 میں اسی اسکور پر ٹھکانے لگایا تھا، ٹوئنٹی 20 میں کسی سائیڈ کا سب سے کم اسکور67 ہے جو کینیا نے 2008 میں کینیڈا کیخلاف بنایا تھا، پاکستان کی اس طرز میں سابقہ سب سے بڑی ناکامی48 رنز سے تھی جب 2009میں انگلینڈ نے اس پر باآسانی قابو پا لیا تھا۔

آسٹریلوی بیٹسمینوں ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن نے 111 رنز کی سب سے بڑی ملکی شراکت کا ریکارڈ بنایا، دونوں اس سے قبل 2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف بھی 104 رنز جوڑ چکے ہیں، میچ میں12 چھکے لگا کر آسٹریلوی ٹیم زیادہ چھکوں کے ریکارڈ میں مشترکہ چوتھے نمبر پر آ گئی۔

بھارت کیخلاف کینگروز نے2010 میں16 بار گیند کو کرائوڈ کے پاس پہنچایا تھا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ دوسری بار ایسا ہوا کہ تمام10 بیٹسمین آئوٹ ہوئے اور کوئی بھی20 رنز تک نہ پہنچ سکا،2010 میں انگلش بولرز نے بھی گرین شرٹس کو بے بس کر دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں