سائٹ میں کیمروں کی تنصیب سے جرائم کم ہو جائینگے گورنر سندھ

سائٹ صنعتی علاقے میں142کیمرے نصب،کمانڈ روم قائم،کیمروں سے40مقامات کی نگرانی کی جائیگی،گورنرکا افتتاحی تقریب سے خطاب


Staff Reporter February 18, 2014
سائٹ صنعتی علاقے میں142 کیمروں کی تنصیب کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور تاجر رہنما کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کررہے ہیں ۔ فوٹو : آئی این پی

RAWALPINDI: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سائٹ صنعتی علاقے میں سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل نگرانی کے جدید نظام کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ صنعتی علاقے میں40 مقامات پر 142 کیمرے نصب کرکے سائٹ کے دفتر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیاگیا ہے جہاں سے ان کیمروں کے ذریعے40 مقامات کی نگرانی کی جائیگی، افتتاحی تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین یونس ایم بشیر، سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی، ہارون فاروقی، ارشد ووہرا نے کیمروں کی تنصیب اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر پولیس اور رینجرز حکام، بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر روؤف اختر فاروقی، کمشنر کراچی شعیب صدیقی، سائٹ کے ایم ڈی نذر محمد بوزدار بھی موجود تھے، سائٹ کے چیئرمین یونس بشیر نے امید ظاہر کی کہ کیمروں کی تنصیب سے صنعتی علاقے میں جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی تاہم انھوں نے صنعتکاروں کے لیے کیمروں کی ریکارڈنگ تک رسائی ممکن بنانے اور ان کیمروں کے ذریعے کسی منفی سرگرمی یا واردات پر فوری اقدام کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی درخواست کی،اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ موروثی جرائم کے خاتمے میں وقت لگے گا جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ناگزیر ہے۔

سائٹ میں مانیٹرنگ کے نظام سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی، سائٹ میں142کیمروں کی تنصیب شہر کے اہم علاقوں میں کیمروں کی تنصیب کے پہلے فیز کا حصہ ہے جس کے تحت تحت سٹی سینٹر اور مصروف تجارتی مراکز کے ساتھ کورنگی کے صنعتی علاقے میں900 سے 1000کیمرے نصب کیے جائیں گے ،دریں اثنا شاہراہ پاکستان پر تعمیر کیے جانے والے4 فلائی اوورز کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ عشرت العباد نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر کرنے کے لیے کئی منصوبے جاری ہیں،سہراب گوٹھ سے آنے والے ٹریک پر 4 فلائی اوورز میں سے 3 مکمل ہوچکے ہیں جبکہ تین ہٹی فلائی اوور اس ماہ کے آخر تک مکمل ہوگا،کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر، سی پی ایل سی کے سربراہ احمد چنائے بھی موجود تھے، گورنر نے کہا وفاقی حکومت کے فنڈز سے زیر تعمیر منصوبوں میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، ٹریفک کی روانی کیلیے ان چار فلائی اوورز کے ساتھ ملیر 15 ، ملیر ہالٹ اور شاہین کمپلیکس پر فلائی اوور جبکہ ہوٹل مہران چوراہے پر انڈر پاس بنانے کے منصوبے کا آغاز ہوچکا ہے، جائیکا کے تعاون سے بھی کئی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں،لیاری ایکسپریس وے کو جلد مکمل کرلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں