وزیراعظم کا 10 بہترین وزرا کے ناموں کا اعلان مراد سعید کی پہلی پوزیشن

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر دوسرے، معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت ثانیہ نشتر تیسرے ، وزیر تعلیم شفقت محمود چوتھے نمبرپررہے

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر دوسرے، معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت ثانیہ نشتر تیسرے ، وزیر تعلیم شفقت محمود چوتھے نمبرپررہے

ISLAMABAD:
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دس وزرا کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے گئے ہیں جس میں مراد سعید سب پر بازی لے گئے۔

اس حوالے سے وزیراعظم آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان نے 10 وفاقی وزراء کو بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے۔ تقریب میں وزراء اور وزارتوں کے حکام نے شرکت کی۔



بہترین کارکردگی میں مراد سعید کی وزارت مواصلات پہلے، اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی دوسرے، ثانیہ نشتر کی سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت کی وزارت تیسرے نمبر پر، شفقت محمود کی وزارت تعلیم چوتھے نمبر پر رہی۔



شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق پانچویں نمبرپر، خسرو بختیار کی وزارت صنعت و پیداوار چھٹے، مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف ساتویں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی وزارت تجارت آٹھویں نمبر پر رہی۔ شیخ رشید کی وزارت داخلہ نویں اورفخرامام کی نیشنل فوڈ سیکورٹی کی وزارت آخری نمبرپررہی۔




بہترین کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کے ملازمین کو اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔

فواد چوہدری، شاہ محمود اور شوکت ترین کامیاب نہ ہوسکے

فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی اورشوکت ترین بہترین کارکردگی کے مقابلے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ کے امیدواروں میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر،اسد عمر،شاہ محمود، شیخ رشید، فروغ نسیم،مراد سعید ، ملک امین اسلم، خسرو بختیار ، عبدالرزاق داؤد ،عمر ایوب، حماد اظہر، شوکت ترین، فواد چوہدری، اعظم سواتی اورشبلی فراز شامل تھے۔

مزید پڑھیں: جو ملک طاقتور کو قانون کے کٹہرے میں نہ لاسکے وہ تباہ ہوجاتے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے وزرا کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ تیار کرکے وزیر اعظم آفس کو ارسال کی۔
Load Next Story