کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی کارکن سمیت 2 جاں بحق 3 زخمی

قائد آباد میں مرنے والا معمر شخص پولیس اہلکار کا بیٹا ہے، پولیس


Staff Reporter February 10, 2022
سلمان وکیل کو انہوں نے شہید کیا جنہیں اس ملک میں 22 اگست کے بعد جگہ دی گئی ہے، مصطفیٰ کمال (فوٹو ایکسپریس)

ISLAMABAD: شہر قائد میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعت پاک سرزمین پارٹی کے کارکن سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین شہری زخمی بھی ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں مرنے والے شخص پاک سرزمین پارٹی کا کارکن نکلا جبکہ واقعے میں اس کا آٹھ سالہ بیٹا زخمی بھی ہوا ہے، قائد آباد میں جاں بحق ہونے والا پولیس اہلکار کا باپ تھا۔

نارتھ کراچی میں پیلا اسکول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا زخمی ہوا ، ہلاک و زخمی کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس پی نیو کراچی حمید خان کے مطابق مقتول کی شناخت سلمان ولد وکیل کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والا آٹھ سالہ عبدالصبور اس کا بیٹا ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ مقتول سلمان گاڑی میں سوار تھا اور اسکول سے اپنے بیٹے کو لینے آیا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور اس پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ پاک سرزمین پارٹی کے ترجمان کے مطابق مقتول سلمان ان کی پارٹی کا سرگرم کارکن تھا اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کمیٹی کا ممبر تھا۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پارٹی کارکن کے جنازے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان وکیل کو انہوں نے شہید کیا جنہیں اس ملک میں 22 اگست کے بعد جگہ دی گئی ہے، پچیس سال سے را کا سسٹم چلانے والے ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، را فنڈنگ کررہی ہے تو ملک کے خلاف کام ہورہا ہے، سلمان وکیل کو شہید بھی کسی را کے سلیپر سیل سے ہی کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان ہمارے ساتھ پہلے دن سے جڑے ہوئے تھے، کراچی میں ہمارا آج آٹھواں ساتھی شہید ہوا۔

علاوہ ازیں قائد آباد کے علاقے شیرپاؤ کالونی علی خیر اسکول کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معمر شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو فوری طور پر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔ ایس ایچ او قائد آباد ملک اشرف کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت سرخ تاج ولد عمران خان کے نام سے کی گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور کے دو خول قبضے میں لے لیے ہیں ، مقتول پولیس اہلکار سکندر کا بیٹا ہے جو کہ آج کل ابراہیم حیدری تھانے میں تعینات ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے، دریں اثنا لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پچپن سالہ اکرام اللہ ولد محمود زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

دوسری جانب شہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے جوہر آباد فیڈرل بی ایریا بلاک 14 الفلاح مسجد کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 23 سالہ خضر اقبال پیٹ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، عینی شاہد کا کہنا ہے کہ نوجوان کو ڈاکوؤں نے گولی ماری ہے تاہم ایس ایچ او جوہر آباد روشن شیخ نے بتایا کہ واقعہ شادی کی خوشی میں کی جانے والے فائرنگ سے پیش آیا ہے۔

دوسری جانب عوامی کالونی کے علاقے کورنگی 5 نمبر ماڈل پارک نادرا آفس کے قریب فائرنگ سے 44 سالہ محمد حافظ زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچایا، ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جبکہ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق عوامی کالونی پولیس واقعہ کو زاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں