وزیر خارجہ نے بہترین وزارتوں کی گریڈنگ کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیے
وزارت خارجہ کو 11واں نمبر دینا تشویشناک ہے، بتایا جائے وزارتوں کی گریڈنگ کس طرح کی گئی؟ خط
وزیراعظم کی جانب سے بہترین وزارتوں میں وزارت خارجہ کو شامل نہ کرنے پر وزیر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خط لکھ دیا جس میں وزارتوں کی گریڈنگ کا طریقہ کار دریافت کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کے طریقہ کار پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان کے بعد اب شاہ محمود قریشی نے بھی سوالات اٹھا دیئے۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب کو خط لکھا ہے جس میں وزارت خارجہ کو 11واں نمبر دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے خط میں کہا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف حاصل کیے، دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف پورے کیے، وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیر التواء نہ رہے، اس دوران وزارت خارجہ نے اعلیٰ سطح کی سرگرمیاں بھی کیں۔
مزید پڑھیں: جو وزرا ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے وہ ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں، علی محمد خان
خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی تشویش کا کوئی اظہار نہیں کیا گیا، 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنز نہیں دی گئیٕں، وزارت خارجہ گریڈنگ کے اس طریقہ کار پر سوالات اٹھاتی ہے واضح کیا جائے کہ وزارتوں کی گریڈنگ کس طریقہ کار کے تحت کی گئی۔