مقدونیہ کے صدر تضحیک کی شکار ڈاؤن سنڈروم طالبہ کو خود اسکول چھوڑنے گئے

اسکول میں مذاق اُڑانے پر 11 سالہ ڈاؤن سنڈروم طالبہ نے اسکول جانے سے منع کردیا تھا

صدر کی آمد پر طبا نے اپنے عمل پر ندامت کا اظہار کیا، فوٹو: ٹوئٹر

شمالی مقدونیہ کے صدر اسٹیوو پیندرا وسکی جنیاتی بیماری ڈاؤن سنڈروم کی شکار کم سن طالبہ کو اسکول چھوڑنے خود چلے گئے کیوں کہ دیگر طلبا بچی کا مذاق اُڑاتے تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقدونیہ کے صدر اسکول میں مذاق اور تضحیک کا نشانہ بننے والی 11 سالہ لڑکی کے گھر پہنچ گئے جو ایک جنیاتی بیماری ڈاؤن سنڈروم کی مریضہ تھی۔

اسکول کے دیگر طلبا بچی کی شکل اور باتوں پر جملے کستے تھے اور مذاق اُڑاتے تھے جس پر 11 سالہ طالبہ نے اسکول جانے سے انکار کردیا تھا۔ یہ بات جیسے ہی مقدونیہ کے صدر کو پہنچی انھوں نے بھرپور ایکشن لیا۔


مقدونیہ کے صدر اسٹیوو پیندراوسکی ڈاؤن سنڈروم ہونے پر تضحیک کا شکار بننے والی لڑکی سے ملنے اس کے گھر پہنچ گئے اور بچی کے والدین سے ملاقات کی جب کہ بچی کو اسکول جانے پر رضا مند کیا۔

اس کے بعد مقدونیہ کے صدر خود پیدل چلتے ہوئے ڈاؤن سنڈروم بچی کو ہاتھ تھام کر اسکول لے گئے۔ اس موقع پر اسکول کے ٹیچرز اور طلبا حیران ہوگئے۔

صدر کی آمد پر طلبا نے اپنے ڈاؤن سنڈروم بچی کے ساتھ اپنے برتاؤ پر ندامت کا اظہار کیا اور بچی کو گلے لگایا۔

 
Load Next Story