شاہین آفریدی ابھی بچہ ہے شادی چار سال بعد ہوگی بھائی ریاض آفریدی
شاہین کے مستقبل کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، ریاض آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم کے باہر گفتگو
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے بھائی ریاض آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی ابھی بچہ ہے اُس کی شادی تین سے چار سال بعد کی جائے گی۔
لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا میچ دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر ریاض آفریدی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ شاہین آفریدی بھی وسیم اکرم کی طرح کامیاب بولر بنے تاہم وہ وسیم اکرم کی جگہ نہیں لے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ شاہین آفریدی نے جس ٹیم نے بطور ایمرجنگ کھلاڑی کیرئر کا آغاز کیا اسی ٹیم کا کپتان بنا، اﷲ تعالیٰ نے شاہین شاہ آفریدی کی صورت میں پاکستان کو ایک خوبصورت تحفہ دیا ہے، اس کے مستقبل کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
ریاض آفریدی نے کہا کہ وسیم اکرم بڑے کپتان اور بولر رہے ہیں ان کا ریکارڈ تو نہیں ٹوٹ سکتا تاہم شاہین آفریدی سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں، یقین ہے کہ وہ وسیم اکرم کی طرح وہ بھی لمبے عرصے تک پاکستان کی کامیابیوں میں کردار ادا کرتا رہے گا۔
مزید پڑھیں: بیٹی کیلیے شاہین آفریدی کا رشتہ آیا ہے، شاہد آفریدی کی تصدیق
ریاض آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی بچپن سے شرمیلا ہے، اس کی یہ عادت اب بھی برقرار ہے، اب بھی اس میں شرمیلا پن ہے، میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تو شاہین میرے ساتھ ساتھ ہوتا تھا اس نے مجھ سے بھی بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بھائی کو اس سے زیادہ خوشی اور کیا ہوگی کہ اس کا چھوٹا بھائی دنیا کا بہترین بولر کہلائے، میں ہمیشہ شاہین اور پاکستان کی جیت کے لیے دعاگو رہتا ہوں۔
ریاض آفریدی کا کہنا تھا کہ جس روز علم ہوا کہ شاہین شاہ آفریدی کو بہترین کرکٹر کا آئی سی سی ایوارڈ ملا ہے، وہ لمحات یادگار تھے، خوشی ہے کہ بہت کم عرصے میں شاہین نے بڑا نام کمالیا ،لاہور قلندرز نے انہیں بہت سپورٹ کیا اور اسے کپتان بناکر جس اعتماد کا اظہار کیا وہ قابل تعریف ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ شاہین کی قیادت میں لاہور قلندرز کی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی اور وہ ایک کامیاب کپتان ثابت ہوگا۔