شادی تقریبات میں فائرنگ کرنے والے 2 بھائی دولہا کا والد اور دوست گرفتار

پولیس نے دونوں سگےبھائیوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔


Staff Reporter February 12, 2022
پولیس نے دونوں سگےبھائیوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فوٹو:فائل

جوہر آباد کے علاقے میں دورانِ ڈکیتی خضر اقبال نامی شخص کے زخمی ہونے کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ زخمی شخص دوران ڈکیتی نہیں بلکہ شادی کی تقریب میں اپنے ہی سگے بھائیوں کی ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوا۔

پولیس نے دونوں سگےبھائیوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ ادھررضویہ پولیس نے بھی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ میں ملوث دولہا کے والد اور دوست کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دوبھائیوں کی گولی سے چھوٹا بھائی30 سالہ خضر اقبال زخمی ہوا تھا ۔ اہلخانہ نے واقعہ کو چھپانے کے لیے ڈکیتی کی واردات کے دوران زخمی ہونے کا جھوٹا ڈرامہ رچایا اور خود عباسی شہید اسپتال علاج کے لیے پہنچ گئے ۔

انھوں نے بتایا کہ جوہرآباد پولیس نے واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ زخمی خضر اقبال شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے اپنے ہی بھائیوں کے ہاتھوں زخمی ہوا جس پر پولیس نے واقعے کامقدمہ درج کر کے ہوائی فائرنگ میں ملوث زخمی شخص کے دو سگےبھائیوں شہروز اوربہروز کوگرفتارکرلیا اوران سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔

ادھر پولیس نے ناظم آباد نان محمد دیسی گھی والی گلی میں شادی میں فائرنگ میں ملوث2 افراد کو گرفتار کرلیا،پولیس کے مطابق انہیں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی فوٹیج موصول ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا ۔ ان میں دولہا کا والد حنیف اور دوست سرزمین خان شامل ہیں ،جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش شروع کردی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں