جنوبی افریقا کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ کا بھی بگ تھری کی حمایت کا اعلان

اصولی بات کرنےوالےہمیں پیسےنہیں دیں گے اس کےلئے ہمیں ان ملکوں سے تعلقات برقرار رکھنا ہوں گے، سیکریٹری سری لنکن بورڈ


ویب ڈیسک February 18, 2014
سری لنکا کو آئندہ 7 برسوں میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل کر 60 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقا کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی میں بگ تھری منصوبے کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان اس معاملے پر اب اکیلا ہوگیا ہے۔

کرکٹ سے متعلق ویب سائٹ ''کرک انفو'' کے مطابق کولمبو میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں 8 فروری کو سنگا پور میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پیش کی جانے والی قراردادوں پرتفصیل سے غورکیاگیا جس کے بعد اجلاس میں شریک تمام ارکان اس نتیجے پر پہنچے کہ سنگا پور میں آئی سی سی کے انتظامی اور مالی معاملات کے حوالے سے پیش کی جانے والی ترمیم شدہ قرارداد ان کے موقف کے عین مطابق ہے اس لئے بورڈ اس قرارداد کی غیر مشروط حمایت کرتا ہے۔

کرکٹ سری لنکا کے سیکریٹری نشانتھا رانا تنگا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں فیوچر ٹور پروگرام کو ختم کرنے کی تجویزمنظور کی گئی تھی اور اب سے ممالک کے درمیان سیریز صرف باہمی مشاورت سے ہی ہوگی ، اس سلسلے میں ہمیں بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ باہمی دوروں کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سری لنکن بورڈ کو آئندہ 7 برسوں میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل کر 60 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی، جو لوگ اصولوں کی بات کرتے ہیں وہ ہمیں پیسے نہیں دیں گے اور ہمیں ملک میں کرکٹ کے معاملات کو چلانے کے لئے ان تینوں ملکوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا ہوں گے.

واضح رہے کہ بگ تھری معاملے پر پہلے جنوبی افریقا نے پاکستان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا اور اب سری لنکا نے بھی بگ تھری کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پاکستان آئی سی سی میں اکیلا رہ گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں