نواب شاہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق

زرداری اور بھنڈ برادریوں کے مابین زمین کا تنازع چل رہا ہے، پولیس حکام


ویب ڈیسک February 12, 2022
زرداری اور بھنڈ برادریوں کے مابین زمین کا تنازع چل رہا ہے، پولیس حکام (فوٹو: فائل)

BANGKOK: ولی محمد کے کچے کے علاقے میں زرعی زمین کے تنازعے پر دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواب شاہ نواب ولی محمد کے کچے کے علاقے میں زرعی زمین کے تنازعے پر فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ اطلاعات ہیں کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او مرزا پور عبدالحمید کھوسو بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق زرداری اور بھنڈ برادریوں کے مابین زمین کا تنازع چل رہا ہے اور اسی تنازعے پر دونوں گروپوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر طلب کرلی گئی، دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے باعث آپریشن شروع نہیں کیا گیا تاہم جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے بتایا کہ عبدالحمید کھوسو جاں بحق نہیں ہوا مگر حالت تشویش ناک ہے، جب کہ فائرنگ میں دو افراد قتل ہوئے ہیں اور دو زخمی ہوئے ہیں، پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور صورت حال پر قابو پا لیا ہے۔

دوسری جانب اسپتال ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح تصادم میں زخمی انچارج پولیس پوسٹ سب انسپیکٹر عبدالحمید کھوسو جان کی بازی ہار گئے ہیں، جب کہ مسلح تصادم میں جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے، اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں