سندھ پولیس نے دعا منگی کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد مانگ لی

دعا منگی کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے کو 50 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ

اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، پولیس ذرائع . فوٹو : فائل

سندھ پولیس نے دعا منگی اغوا برائے تاوان کیس کے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد مانگتے ہوئے اطلاع دینے والے کو پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع نے بتایا کہ مطلوب ملزم زوہیب قریشی کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شہری کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ اطلاع دینے والے کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: دعا منگی اغوا کیس؛ 5 ملزمان پر فرد جرم عائد


ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کو خط میں انعام کی سفارش کریں گے۔ واضح رہے کہ ملزم زوہیب قریشی 27 جنوری کو کورٹ پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے شاپنگ سینٹر سے فرار ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دعا منگی کیس کا ملزم فرار ہونے پر دو پولیس اہل کار گرفتار

پولیس نے بعدازاں کورٹ پولیس کے اہلکاروں کو گرفتار اور آن لائن ٹیکسی ڈرائیور سمیت متعدد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تاہم مفرور ملزم زوہیب قریشی کی تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
Load Next Story