حوثیوں کے حملے کا خدشہ امریکی لڑاکا طیارے ایف22 متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

6 طیارے ابوظہبی کے الظفرہ فوجی اڈے پر پہنچ گئے جہاں پہلے ہی 2 ہزار امریکی فوجی اور میزائل شکن نظام موجود ہے


ویب ڈیسک February 13, 2022
حوثیوں کے باغیوں کے میزائل حملوں پر امارات نے امریکا سے فوجی مدد لی ہے، فوٹو: فائل

SANGHAR: امریکا کے ایف-22 لڑاکا طیارے حوثی باغیوں کے ممکنہ حملوں کو روکنے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے تیل کی تنصیبات اور دیگر مقامات پر حملوں کے بعد امریکا سے دفاعی مدد مانگی تھی۔

حال ہی میں امریکا کے میزائل شکن دفاعی نظام نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا اور اسے بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔

آج امریکی لڑاکا طیارے ایف-22 ابوظہبی میں الظفرہ ہوائی اڈے پر اترے جہاں 2 ہزار امریکی فوجی پہلے ہی موجود تھے اور جدید ترین امریکی میزائل شکن نظام ''پیٹریاٹ'' بھی نصب ہے۔

امریکی فوج نے متحدہ عرب امارات بھیجے گئے طیاروں کی تعداد سیکیورٹی وجوہات کے باعث بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ فائٹر ونگ کے طیاروں نے ورجینیا کے فوجی اڈے سے پرواز بھری۔

بعد ازاں امریکی ایئر فورس کی جانب سے طیاروں کی ابوظہبی کی روانگی کی تصویر شیئر کی گئی جس میں چھ امریکی جیٹ ایف -22 طیاروں کو پرواز بھرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں تین میزائل حملے کیے تھے جن میں ایک آئل ڈپو پر کیا گیا تھا اور اس حملے میں 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں