لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا گیا، جس میں قلندرز نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا کیونکہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جیسن رائے اور جیمز وینس کو پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹنے پر مجبور کیا، بعد ازاں کپتان سرفراز اور احسان علی نے وکٹ پر آکر کھیلنے کی کوشش کی تو 20 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد رن آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد احسان علی بھی 25 پر پویلین لوٹے۔
عمر اکمل اور افتخار احمد نے بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی تو 25 کے انفرادی اور 54 کے مجموعی اسکور پر اکمل بھی آؤٹ ہوگئے، پھر افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے کھیل کو آگے بڑھایا جبکہ حسان خان نے اس دوران اُن کا خوب ساتھ دیا، پھر حسان خان 17 رنز بنا کر 106 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد افتخار احمد 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے شاندار بیٹنگ کر کے 52 رنز بنا کر 124 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
Lahore put on a show for the home crowd and restrict Quetta to 141.
بعد ازاں سہیل تنویر اور نور احمد نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 141 رنز تک پہنچایا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، افتخار احمد 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے. لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے دو دو جبکہ راشد خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز اننگز
142 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تو 41 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق غلام مدثر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کامران غلام وکٹ پر آئے اور انہوں نے فخر زمان کا بھرپور ساتھ دیا۔
بعد ازاں 118 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 53 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز نے 142 رنز کا ہدف 17.4 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ کامران غلام 55 رنز ناٹ آؤٹ اور فخر زمان 53 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ گلیڈی ایٹرز کے نور احمد اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے بتایا کہ لاہور قلندرز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے بتایا کہ کوئٹہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، شاہد آفریدی اور جیمز فالکنر کی جگہ پلیئنگ الیون میں سہیل تنویر اور حسان خان کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کی قائدانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کم بیک کیا تھا۔