رجب اردگان نے مہنگائی کے ستائے ترک عوام کو بڑا ریلیف دے دیا

ترک صدر رجب طیب اردگان نے اشیائے خوردونوش کے ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کردیا

[فائل-فوٹو]

کراچی:
ترکی میں مہنگائی اور شہریوں کی گرتی معیار زندگی کیخلاف عوامی مظاہروں کے دوران صدر رجب طیب اردگان نے اشیائے خوردونوش پر عائد ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اردگان نے اپنے بیان میں کہا کہ بنیادی اشیائے خوردونوش پر لاگو ٹیکس 8 فیصد سے 1 فیصد کردیا گیا ہے۔ صدر کی جانب سے یہ فیصلہ ترکی کے سرکاری اخبار میں شائع ہوگا جبکہ اس فیصلے کا نفاذ پیر سے ہوگا۔

ٹیکس میں کمی کے علاوہ اردگان نے اشیائے خوردونوش کی کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امید کرتی ہے کہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 7 فیصد تک کمی لائیں گی کیونکہ کھانے پینے کی چیزیں ہی مہنگائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔


ترک صدر کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ قوم مہنگائی تلے کُچلی جائے، یہ ہم کبھی نہیں ہونے دیں گے۔

جنوری کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترکی میں مہنگائی کی شرح میں 48 فیصد سالانہ اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ آزاد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ شرح 115 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔

دوسری جانب ترک حکومت کے ناقدین کا موقف ہے کہ ترکی میں مہنگائی کی وجہ اردگان کا سود کی شرح میں کمی کا فیصلہ ہے۔
Load Next Story