آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریاں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ سے شروع ہوگا

کیمپ ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی 22 فروری تک جاری رہے گا


Sports Reporter February 14, 2022
کیمپ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی آمد منگل سے شروع ہوگی:فوٹو:فائل

کراچی: آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ سے شروع ہوگا۔

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے دورے پرآرہی ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ بدھ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

کیمپ میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کی آمد منگل سے شروع ہوگی۔ ہیڈکوچ ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی کیمپ 22 فروری تک جاری رہے گا۔ سابق ٹیسٹ کپتان محمد یوسف بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بولنگ کوچ کچھ وجوہات کے باعث کیمپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ تاہم وہ اسلام آباد پہنچ کر ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شریک کرکٹرز کیمپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ کیمپ کے اختتام پر اگلے روز پاکستان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔24 فروری سے سہ روزہ قرنطینہ کے بعد 27فروری سے اسلام آباد میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔

پی ایس ایل7 سے فارغ ہونے والے کھلاڑی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کے بعد3 روز آئسولیشن میں رہیں گے جبکہ فائنل کھیلنے والے کھلاڑی قرنطینہ کیے بغیر 28 فروری کو براہ راست بائیو سیکیور ببل کاحصہ بن جائیں گے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سڈنی میں آئسولیشن کے بعد بذریعہ چارٹرڈ پرواز 27 فروری کو اسلام آباد پہنچے گی اور ایک روز کے قرنطینہ کے بعد را ولپنڈی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرےگی

پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا،پہلا ٹیسٹ میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی، دوسرا ٹیسٹ12 سے 16 مارچ تک کراچی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔

پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31 مارچ اورتیسرا 2 اپریل کوکھیلا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔