پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر سیکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک February 14, 2022
پسنی میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے بیرون ملک سے اسپانسرڈ بلوچستان کے امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کیا۔—فائل فوٹو

ISLAMABAD: بلوچستان کے علاقے پسنی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں خضدار میں دو دہشت گردوں کو بھی پکڑ لیا گیا اور ان کے قبضے سے بڑے پیمانے پر اسلحہ و ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پسنی میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے بیرون ملک سے اسپانسرڈ بلوچستان کے امن دشمنوں کے خلاف آپریشن کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لینا شروع کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ٹھکانے سے فرار ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بلاچ مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف فائرنگ اور دیسی ساختہ بارودی سرنگوں کے حملوں میں ملوث تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع خضدار میں ایک اور آپریشن میں 2 دہشت گرد نیاز اور محمد جان کو پکڑلیا، دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے دو ایس ایم جی گنیں اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث افراد کے خاتمے تک آپریشنس جاری رہیں گے، ان دہشت گردوں کو امن، استحکام اور بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں