پروین رند کے ملزمان کو پکڑنے میں ناکامی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی کو جھاڑ پلادی

سندھ کی بیٹیوں کو مار کر خودکشی کا رنگ دیا جاتا ہے، پروین رند


ویب ڈیسک February 15, 2022
سندھ کی بیٹیوں کو مار کر خودکشی کا رنگ دیا جاتا ہے، پروین رند ۔ فوٹو : فائل

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے پروین رند کے معاملے پر مرکزی ملزمان کو پکڑنے میں ناکامی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی نوابشاہ خادم رند کو جھاڑ پلادی۔

ہراسانی اور تشدد کی شکار ڈاکٹر پروین رند ننگے پاؤں اپنے چچا کے ساتھ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے چیمبر میں پیش ہوئیں جب کہ ڈی آئی جی نوابشاہ اور ایس ایس پی نوابشاہ بھی چیف جسٹس کے چیمبر میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے پروین رند کے معاملے پر مرکزی ملزمان کو پکڑنے میں ناکامی پر ڈی آئی جی نوابشاہ خادم رند کو جھاڑ پلادی۔

چیف جسٹس نے ڈی آئی جی نوابشاہ سے استفسار کیا کہ ملزم نوابشاہ میں سرعام گھوم رہا ہے، آپ لوگ جامشورو میں چھاپے مار رہے ہیں، ایک ہفتہ ہوگیا، ایک بھی ملزم گرفتار نہیں کرسکے۔

چیف جسٹس نے ڈی آئی جی نوابشاہ کو ملزمان کو ہر صورت میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

اس سے قبل ہراسانی اور تشدد کی شکار ہونے والی پروین رند ننگے پاؤں سندھ ہائی کورٹ پہنچی جہاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروین رند نے کہا کہ 3 عورتیں میرے روم میں داخل ہوئیں، مجھ پر تشدد کیا مجھے گھسیٹا گیا، مجھے پوری یونیورسٹی کے سامنے مارا گیا، یہ واقعہ شہید بینظیر یونیورسٹی میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر عذرا سے ملی، انہیں کہا مجھے ماررہے ہیں، میں 3 گھنٹے ڈاکٹر عذرا کا انتظار کررہی تھی، انتظامیہ کو شکایات کی گئی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

پروین رند نے کہا ہاسٹل میں بچیاں خودکشیاں نہیں کرتیں، ان کو پنکھے میں لٹکایا جاتا ہے، یہ لوگ ملکر ان بچیوں کو مارتے ہیں، سندھ کی بیٹیوں کو مار کر خودکشی کا رنگ دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غلام مصطفیٰ راجپوت ابھی تک گرفتار نہیں ہوا، انہیں سپورٹ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے نوابشاہ میں پیپلزمیڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ پروین رند کو جنسی ہراساں کرنے پرایک مرد ڈاکٹراور3 خواتین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ متاثرہ طالبہ پروین رند کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں جنسی ہراساں کرنے، اقدام قتل اورزخمی کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں