ملتان سلطانز کے ہاتھوں کراچی کنگز کو مسلسل 8ویں شکست

محمد رضوان 76 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں بلے باز رہے


ویب ڈیسک February 16, 2022
روسو نے 5 گیندوں پر 14 اور خوش دل شاہ نے 9 گیندوں پر 21 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ (فوٹو ٹویٹر)

پاکستان سپرلیگ 7 کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 7 کا 23واں میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا، جس کا ٹاس کراچی کنگز کے حق میں رہا۔

کراچی کنگز اننگز

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا اور انہیں آغاز اچھا نہ مل سکا کیونکہ 5 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم دو رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد جوئے کلارک اور شرجیل خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 77 تک پہنچایا تو40 کے انفرادی اسکور پر کلارک آؤٹ ہوئے، پھر 84 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان بھی 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

قاسم اکرم 109 اور روحیل نظیر 21 رنز بنا کر 118 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں محمد نبی 166 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے، جوئے کلارک 40 اور عماد وسیم 32 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ ملتان سلطانز کے شاہ نواز دھانی نے 2 ، رومان رئیس، بلیسنگ مزرابانی، عمران طاہر اور خوش دل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو شکار بنایا۔

ملتان سلطانز اننگز

کراچی کنگز کے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز شان مسعود اور محمد رضوان نے کیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے لمبی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

بعد ازاں شان مسعود 45 رنز کی انفرادی جبکہ 100 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، پھر محمد رضوان 56 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیل کر 130 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، ٹم ڈیوڈ بھی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ایک وقت میں ملتان سلطانز کو 3 اوورز میں 36 رنز درکار تھے، ایسے میں کراچی کنگز کی فتح یقینی نظر آنے لگی تھی مگر ٹم ڈیوڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد خوش دل شاہ وکٹ پر آئے اور روسو کے ساتھ مل کر دھواں دھار اننگز کھیلی، دونوں بلے بازوں نے تین اوورز میں تین چھکے اور 2 چوکے لگا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

ملتان سلطانز نے 175 رنز کے ہدف کا تعاقب 19.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، محمد رضوان 76 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کراچی کنگز کے امیر حمزہ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں بولر رہے۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز مسلسل 7 میچز میں شکست کے بعد پلے آف راؤنڈ سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے جبکہ ملتان سلطانز 7 میں سے 6 میچز جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |