بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ عطا کردیا گیا

وزیراعظم سے ملاقات، پولیو کے خاتمے میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان، پاکستان کے انسداد کورونا اقدامات پر حیرانگی کا اظہار

وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات کا منظر (فوٹو : آئی این پی)

حکومت نے بل گیٹس کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا، بل گیٹس نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر پاکستانی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مائیکرو سوفٹ کے بانی بِل گیٹس پہلی بار ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا۔

انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود رہے۔

پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون سے پاکستان پولیو فری ہوا، بل گیٹس

ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔



وزیراعظم کی جانب سے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں وفاقی وزرا اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔



قبل ازیں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ مائیکرو سوفٹ کے بانی پہلی بار پاکستان آئے، ہم ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔


این سی او سی کا دورہ

مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس نے این سی او سی کا دورہ بھی کیا اور ارکان سے ملاقاتیں کیں، انہیں کورونا وائرس، اس کے خلاف حکومتی اقدامات اور عوام کی ویکسی نیشن سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔





بل گیٹس کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

حکومت پاکستان کی جانب سے بل گیٹس کو ان کی خدمات پر ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس حوالے سے ایوان صدر میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں اس ایوارڈ سے نوازا۔

سرکاری اعلامیہ

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل گیٹس نے پاکستان کا دورہ کیا اور قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔

پاکستان کے انسداد کورونا اقدامات حیران کن ہیں، بل گیٹس

اس موقع پر مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہیں، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں، پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے، پاکستان کے انسداد کورونا اقدامات حیران کن ہیں۔

پاکستان کیلیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہیں، حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، عالمی دنیا انسانی بحران کے شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے، کے پی کے جنوبی اضلاع پولیو کے خلاف جنگ میں متحرک رہیں۔
Load Next Story