قائمہ کمیٹی قانون میں نیب ترمیمی بل منظور اپوزیشن ارکان کا ہنگامہ

نیب قانون سازی عمران خان کی ذات کے لیے نہیں پاکستان کی عوام کے لئے ہے، فروغ نسیم


ویب ڈیسک February 17, 2022
نیب قانون سازی عمران خان کی ذات کے لیے نہیں پاکستان کی عوام کے لئے ہے، فروغ نسیم ۔ فوٹو : فائل

لاہور/ کراچی: قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں نیب قانون میں ترمیم سے متعلق حکومت کے دونوں بل منظور ہوگئے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب قانون میں ترمیم سے متعلق حکومت کے دونوں بل کثرت رائے سے منظور کرلئے گئے۔

بل کی منظوری کے بعد کمیٹی اجلاس میں ہنگامہ ہوا، اپوزیشن نے بل کی منظوری پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نیب بل کی تمام شقوں پر اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔

پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل اور پی ٹی آئی رکن عطاء اللہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر کشور زہرہ نے کہا کہ قادر مندوخیل آپ غلط زبان استعمال کر رہے ہیں۔

سعد رفیق نے ریاض فتیانہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین کمیٹی مجھے آپ سے اس رویے کی امید نہیں تھی، رانا ثنا اللہ راستے میں تھے، دھند کی وجہ سے میں بھی تاخیر سے پہنچا، آپ کو بل پر ووٹنگ نہیں کرانی چاہیے تھی۔

بعد ازاں اپوزیشن ارکان نے کمیٹی اجلاس سے واک آؤٹ کرلیا۔

نیب ترمیمی بل کی منظوری کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پر ایمان ہے اللہ ہر کام میں مدد کرتے ہیں، چیئرمین کمیٹی ریاض فتیانہ کی تاریخ ہے وہ غیر جانبدار ہو کر کمیٹی چلاتے ہیں، یہ نیب ترامیم پاکستان کے لیے ہے میری ذات کے لئے نہیں ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یہ قانون سازی عمران خان کی ذات کے لیے نہیں پاکستان کی عوام کے لئے ہے، کمیٹی اجلاس میں ہماری اکثریت تھی اپوزیشن کا ایک ممبر آنے سے کوئی فرق نہ پڑتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں