پی ایس ایل کی وجہ سے شہر کا برا حال ہوگیا لاہور ہائی کورٹ

بدترین ٹریفک جام ہے، بچے اور عورتیں رو رہے ہیں، پی ایس ایل ختم ہوتے ہی پی سی بی کے خلاف سخت نوٹس لوں گا، جج برہم


کورٹ رپورٹر February 17, 2022
(فوٹو : فائل)

KARACHI/LAHORE: لاہور ہائی کورٹ نے پی ایس ایل کے دوران ٹریفک جام رہنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی وجہ سے سارے شہر کا ماحول خراب ہوگیا ہے، بچے اور عورتیں باقاعدہ رو رہے ہیں، پی ایس ایل ختم ہوتے ہی پی سی بی کے خلاف سخت نوٹس لیا جائےگا۔

جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی جس میں جوڈیشل واٹر کمیشن نے رپورٹ جمع کرائی۔ جسٹس شاہد کریم نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کی وجہ سے دوبارہ اسموگ آگیا ہے، ٹریفک پولیس نے سارا کام چھوڑ دیا ہے، شہر کا سارا ماحول خراب کردیا ہے ٹریفک پولیس پی سی بی کے ساتھ مل کر آئندہ کا پلان بنائے۔

جسٹس شاہد کریم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی پی ایس ایل ختم ہوگا پی سی بی کے خلاف سخت نوٹس لوں گا، جیل روڈ پر بیرئیرز ہٹا کر گاڑیاں گزر رہی ہوتی ہے، میں خود جیل روڈ سے گزرتا ہوں جہاں گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوتی ہیں، جیل روڈ کا یہ حال ہے تو باقی سڑکوں کا کیا حال ہوگا؟ فیروز پور روڈ پر ٹریفک کا برا حال ہے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ شہر میں ایک مہینے کا کرکٹ ٹورنامنٹ کروانا ہے تو ٹریفک کو تو مینیج کریں، پی ایس ایل کی وجہ سے سارے شہر کا ماحول خراب ہوگیا ہے، صدر وزیراعظم بھی شہر میں آئیں تو ٹریفک کا ایسا حال نہیں ہوتا، بچے اور عورتیں باقاعدہ رو رہے ہوتے ہیں۔

جوڈیشل واٹر کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ عمارتوں کی چھتوں پر پودے لگانے کے لیے نوٹس کا جواب مل رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں