دوسری شادی کی خواہش پر بیوی نے مار مار کر شوہر کو اسپتال پہنچا دیا

متاثرہ شخص کی پسلیاں ٹوٹیں، سر اور چہرے پر بھی چوٹیں آئیں

پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے بیوی کو گرفتار کرلیا (فوٹو اسکرین گریپ)

پنجاب کے شہر بہاولنگر میں دوسری شادی کی خواہش پر بیوی نے شوہر کی ہڈی پسلی ایک کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بہاولنگر کے رہائشی نے اپنی بیوی سے دوسری شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ آپے سے باہر ہوگئی اور شوہر کو تشدد کا نشانہ بنا کر اُسے ادھ موا کردیا۔


اہل خانہ جب متاثرہ شخص کو اسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹر نے اُسے ہنگامی طبی امداد دینے کے بعد ایکسرے اور سٹی اسکین کیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ تشدد کی وجہ سے پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں ہیں۔

علاوہ ازیں متاثرہ شخص کا سر اور چہرہ بھی تشدد سے بری طرح متاثر ہوا۔ ڈاکٹرز نے زخمی کو ہنگامی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال میں ہی داخل کرلیا جبکہ پولیس نے شکایت درج کرنے کے بعد ملزمہ کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ نے شوہر پر تشدد کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اُسے دوسری شادی کی خواہش کا سُن کر شدید غصہ آیا، جس کے بعد وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور جو ہاتھ آیا اُس سے شوہر کو پیٹ ڈالا۔
Load Next Story