اسٹاک مارکیٹ مندی کے زیر اثر41 ارب ڈوب گئے ڈالر مزید سستا

45600کی حد اور 66فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں، انڈیکس میں 243 پوائنٹس کی کمی،فی تولہ سونا 600 روپے مہنگا


Staff Reporter February 18, 2022
انٹر بینک میں ڈالر مزید 27 پیسے گر کر 175.38 جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں 40 پیسے گھٹ کر 177.30 روپے کا ہوگیا —فائل فوٹو

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 45600 اور 45500 پوائنٹس کی سطحیں بھی گر گئیں مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے مزید 41 ارب 28 کروڑ 64 لاکھ 4 ہزار 651 روپے ڈوب گئے۔

روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی کم نہ ہونے سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اتار چڑھائو سے خوفزدہ سرمایہ کاروں کی خریداری دلچسپی محدود ہونے اور مہنگائی میں اضافے کے ساتھ تجارتی خسارہ بھی بڑھنے جیسے عوامل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 45600 اور 45500 پوائنٹس کی سطحیں بھی گر گئیں۔

مندی کے سبب 66 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 41 ارب 28 کروڑ 64 لاکھ 4 ہزار 651 روپے ڈوب گئے۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 243.70 پوائنٹس کی کمی سے 45441.10 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 348 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

دریں اثنا زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جس سے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 27 پیسے کی کمی سے 175.38 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 40 پیسے کی کمی سے 177.30روپے پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 600 روپے اور 515 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 126350 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 108325 روپے ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں